مولانا فضل الرحمن نیب اکیلے نہیں لاکھوں کارکن ساتھ جائیں گے، راشد سومرو

29 اکتوبرکو کو باغ جناح کا جلسہ ملک میں حقیقی جمہوریت کی بنیاد ثابت ہوگا، مولانا عمرصادق و دیگرکا ختم نبوت کانفرنس سے خطاب

جمعرات 24 ستمبر 2020 18:58

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2020ء) جے یوآئی کے تحت منگھوپیر میں تحفظ ختم نبوت کانفرنس میں بڑی تعداد میں شہری امڈ آئے،200 نوجوان جے یوآئی میں باقاعدہ شامل ہوگئے، جے یوآئی خیبرپختون خواکے نائب امیر سابق رکن اسمبلی مفتی فضل غفور اورصوبائی جنرل سیکرٹری علامہ راشد محمود سومروکے پرجوش خطابات نے سماں باندھ دیا، جمعیت علماء اسلام یوسی 6 منگھوپیر کے تحت نیا ناظم آباد کے مقامی لان میں تحفظ ختم نبوت ودفاع صحابہ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا،جس میں ہزاروں افراد شریک ہوئے اور پنڈال کے باہر سڑکوں پر بھی بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے، کانفرنس میں سابق ایم پی اے مفتی فضل غفور، مولاناراشد محمود سومرو، مولانا محمد غیاث،قاری محمدعثمان،مولانا عمرصادق،اسلم غوری،مولانا فخرالدین رازی،سیداکبر شاہ ہاشمی نے خطاب کئے جبکہ نیک امان اللہ محسود، ڈاکٹر نصیرالدین سواتی،حافظ حبیب الرحمن خاطر، ڈاکٹرعطا اء الرحمن خان،مولانا سمیع الحق سواتی، مفتی خالد محسود، مولانا حبیب الرزاق، گل فیروزخان محسود، مولانا فضل مولا سبحانی، مولانا عابداللہ، مولانااحسان اللہ عادل، قاری سعید مہمند، قاری نظر الرحمن،مفتی شاہ فیصل برکی،مولانا حسین اللہ،اعجاز سواتی،ڈاکٹر غلام بادشاہ،مولانا عارف اللہ، مفتی امداداللہ، کمال بادشاہ، سرعبداللہ سمیت مقامی علماء کرام، سابقہ بلدیاتی نمائندے اور معززین بھی موجود تھے، اس موقع پر مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے 200 سے زائد افراد نے باقاعدہ جے یوآئی میں شمولیت اختیار کرلی جنہیں مفتی فضل غفور،مولانا راشدسومرو،قاری عثمان ودیگر نے جے یو آئی پرچم والی ٹوپیاں پہنائی،اپنے خطاب میں مولانا راشد محمود سومرو اور مفتی فضل غفور نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت اور صحابہ کرام کے ناموس کے تحفظ کیلئے ہر دم تیار وبیدار ہیں، مولانا فضل الرحمن کی نیب طلبی کی باتیں حکومتی بوکھلاہٹ ہے،مولانا فضل الرحمن اکیلے نہیں لاکھوں کارکن ساتھ چلیں گے، ہمیں حکومتی افواہ ساز فیکٹریوں سے کوئی گھبراہٹ نہیں، ملک میں جمہوریت کے نام پر ملک و قوم کا سودا ہو رہا ہے،کروڑوں غیور عوام آمرانہ جمہوریت کی چھتری تلے ہونے والے مک مکا کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، 29 اکتوبرکو کو باغ جناح کا جلسہ نااہل حکمرانوں کے خلاف ریفرنڈم اور حقیقی جمہوریت کی بنیاد ثابت ہوگا،ظلم، کرپشن، نا انصافی اور بے روزگاری کی انتہا سے نا اہل حکمران اپنا حق حکمرانی کھو چکے ہیں، مولانافضل الرحمن بہت جلد عوامی طاقت سے غریب دشمن سیاسی کلچر کو ذبح کر دیں گے۔