ملک میں کورونا وائرس کی وبا کے پھیلاوکو روکنے میں حکومت کی سمارٹ لاک ڈائون کی حکمت عملی بہت موثر ثابت ہوئی ہے،

وبا سے نمٹنے میں پاکستان کے اداروں نے موثراندازمیں کام کیا اورکررہے ہیں ،ترقی یافتہ ممالک کو صحت اورتعلیم کے شعبوں میں علم اورتجربہ میں باقی دنیاکو شریک کرنا چاہئیے صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی کا ایسوسی ایشن آف پاکستانی فزیشنز شمالی یورپ کے ورچوئل اجلاس سے خطاب

جمعرات 24 ستمبر 2020 22:33

ملک میں کورونا وائرس کی وبا کے پھیلاوکو روکنے میں حکومت کی سمارٹ لاک ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2020ء) صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہاہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی وبا کے پھیلاوکو روکنے میں حکومت کی سمارٹ لاک ڈائون کی حکمت عملی بہت موثر ثابت ہوئی ہے۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کوایسوسی ایشن آف پاکستانی فزیشنز شمالی یورپ کے ورچوئل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ صدرمملکت نے کہاکہ پاکستان نے عالمگیر وبا سے نمٹنے کیلئے دنیا سے الگ طریقہ کاراپنایا اوریہ ایک الگ کہانی ہے، حکومت کی سمارٹ لاک ڈاون کی حکمت عملی اور معاشرے کے غریب اورکمزورطبقات کی دیکھ بھال نے ناممکن کوممکن بنایا۔

صدرنے کہاکہ بھارت میں کوروناوائرس کے 90 ہزارکیسز رپورٹ ہورہے تھے، وبا کے دوران پاکستان میں معیاری حفاظتی طریقہ کارکے تحت مساجد کھلی رہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ وبا سے نمٹنے میں پاکستان کے اداروں نے موثراندازمیں کام کیا اورکررہے ہیں ، اس ضمن میں انہوں نیشنل کمانڈاینڈآپریشن سینٹرکا بالخصوص حوالہ دیا۔ صدرنے کہاکہ پاکستان میں انفیکشن سے نمٹنے میں رابطوں اورمریضوں کی تلاش کی حکمت عملی بہت موثرثابت ہوئی ہے اسلئے یہ باقی دنیا کیلئے بھی بہت اہمیت کی حامل ہے۔

صدرنے معالجاتی اقدامات کی بجائے تدارکی طریقوں پرزوردیتے ہوئے کہا کہ معالجاتی طریقوں کے اخراجات زیادہ ہیں اورپاکستان جیسے ممالک کے پاس وسائل محدودہوتے ہیں، اسلئے ترقی پذیرممالک کو عالمگیروبا کے دوران تدارکی اقدامات کی راہ اختیارکرنے کی ضرورت ہے۔صدرنے کہاکہ 2005 میں چین میں منعقدہ ڈینٹل فورم میں انہوں نے فاصلاتی تعلیم کی اہمیت پرروشنی ڈالی تھی اوردنیا نے کوویڈ 19 کی وبا میں اب اس کی اہمیت کو تسلیم کیاہے۔

صدرمملکت نے کہاکہ ترقی یافتہ ممالک کو صحت اورتعلیم کے شعبوں میں علم اورتجربہ میں باقی دنیاکو شریک کرنا چاہئیے۔صدرمملکت نے پولیو اور ہیپاٹائٹس سمیت مختلف بیماریوں پرقابوپانے کیلئے حکومت کی جانب سے اٹھائے جانیوالے اقدامات اورمہمات پربھی روشنی ڈالی۔ صدرنے ایسوسی ایشن آف پاکستانی فزیشنز آف نادرن یورپ کی خدمات کو بھی سراہا۔