جے یو آئی ف نے اگلے ماہ لانگ مارچ کرنے کا اعلان کر دیا

اگلے ماہ 29 اکتوبر کو سکھر سے مارچ کا آغاز کیا جائے گا، کراچی کے باغ جناح میں جلسہ عام بھی منعقد ہوگا

muhammad ali محمد علی جمعرات 24 ستمبر 2020 20:34

جے یو آئی ف نے اگلے ماہ لانگ مارچ کرنے کا اعلان کر دیا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 ستمبر2020ء) جے یو آئی ف نے اگلے ماہ لانگ مارچ کرنے کا اعلان کر دیا، اگلے ماہ 29 اکتوبر کو سکھر سے مارچ کا آغاز کیا جائے گا، کراچی کے باغ جناح میں جلسہ عام بھی منعقد ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمان کی جماعت جے یو آئی ف نے اگلے ماہ اکتوبر میں لانگ مارچ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس حوالے سے جے یو آئی ف کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اگلے ماہ 29 اکتوبر کو سکھر سے لانگ مارچ کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔

29 اکتوبر کو ہی کراچی کے باغ جناح میں جلسہ عام کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ اس جلسے میں ملک بھر سے جے یو آئی ف کے قافلے شہر قائد پہنچیں گے۔ دوسری جانب مولانا فضل الرحمان کا دعویٰ ہے کہ اپوزیشن جماعتیں اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کر چکیں، اب اگر کسی نے اس فیصلے پر عمل نہ کیا تو یہ وعدہ خلافی ہوگی۔

(جاری ہے)

جے یو آئی ف نے مولانا فضل الرحمان کو نیب کی جانب سے طلب کیے جانے پر بھی شدید ردعمل دیا ہے۔

کہا گیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کی نیب طلبی کی باتیں حکومتی بوکھلاہٹ ہے۔ مولانا فضل الرحمان اکیلے نہیں لاکھوں کارکن ساتھ چلیں گے۔ ہمیں حکومتی افواہ ساز فیکٹریوں سے کوئی گھبراہٹ نہیں، ملک میں جمہوریت کے نام پر ملک و قوم کا سودا ہو رہا ہے۔ کروڑوں غیور عوام آمرانہ جمہوریت کی چھتری تلے ہونے والے مک مکا کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

29 اکتوبرکو کو باغ جناح کا جلسہ نااہل حکمرانوں کے خلاف ریفرنڈم اور حقیقی جمہوریت کی بنیاد ثابت ہوگا،ظلم، کرپشن، نا انصافی اور بے روزگاری کی انتہا سے نا اہل حکمران اپنا حق حکمرانی کھو چکے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان بہت جلد عوامی طاقت سے غریب دشمن سیاسی کلچر کو ذبح کر دیں گے۔