کئی کمرشل بینکوں کی شراکت داری سے آسان شرائط پر قرضے فراہم کئے جائینگے،وزیرہائوسنگ ڈاکٹرامجد

جمعرات 24 ستمبر 2020 22:49

پشاور۔24 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2020ء) خیبرپختونخوا کے وزیر ہاوسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی کوشش ہے کہ وہ کم سے کم لاگت میں لوگوں کو چھت کی سہولت فراہم کرے، حکومت پشاور ریزیڈنیشاء سوڑیزئی میں گھروں کا حصول ممکن بناننے کے لئے الاٹیز کو تمام تر آسانیاں فراہم کررہی ہیں، اور کئی کمرشل بینکوں کی شراکت داری سے آسان شرائط پر قرضے فراہم کئے جائینگے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار فیڈرل ہاوسنگ اتھارٹی فاونڈیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر طارق رشید سے ملاقات کے دوران کیا، ملاقات میں سیکرٹری ہاوسنگ محمد علی شاہ اور ڈی جی پی ایچ اے عمران وزیر نے بھی شرکت کی۔ ملاقات میں ایم ڈی پی ایچ اے ایف طارق رشید نے وزیر ہاوسنگ کو بتایا کہ پشاور ریزیڈنشیاء میں گھروں کی قیمت میں الاٹیز سے ہاوسنگ سکیم میں سڑکوں، انفراسٹرکچر کی ترقی اور دیگر سہولیات کے چارجز نہیں لئے جارہے، جبکہ ان سے صرف گھروں کے تعمیراتی اخراجات لئے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ حکومت، کمرشل بینکوں کے تعاون سے 35 لاکھ روپے سے کم پانچ مرلہ گھروں کی تعمیر کے لئے پانچ فیصد چارجز پر قرضہ کی فراہمی ممکن بنارہی ہے، جبکہ 60 لاکھ روپے سے کم لاگت والے گھروں کے لئے 7 فیصد پر قرضہ فراہم کیا جائیگا، قرضہ کے حصول میں اس کے علاوہ اور کسی قسم کے خفیہ چارجز شامل نہیں ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے کئی کمرشل بینکوں کے ساتھ مفاہمت کی یادشت پر دستخط کئے جاچکے ہیں، ان بینکوں میں خیبر بینک، عسکری بینک، ایچ بی ایف سی، اور جے ایس بینک شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ایچ اے ایف کی جانب سے الاٹیز کو قرضہ کے حصول میں تمام تر تعاون فراہم کے لئے اقدامات اٹھائیں جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیگر سکیموں کی نسبت پشاور ریزیڈنشیاء میں پندرہ کی بجائے دس فیصد ڈاون پیمنٹ لی رہی ہے، جبکہ تین سال کی اقساط کے بعد مکان کا قبضہ فراہم کرتے وقت دس فیصد آخری ادائیگی کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ منصوبہ کو جلد سے جلد اپنے مقررہ وقت کے اندر مکمل کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کے دوسرے مرحلے کے لئے چھ ماہ بعد دوبارہ قرعہ اندازی کی جائیگی۔