شہبازشریف کی ادویات کی قیمتوں میں 262 فیصد اضافے کی شدید مذمت، فوری واپس لینے کا مطالبہ

کہاں گئے وہ دعوے کہ عوام پر خرچ کریں گی -ادویات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ غریب مریضوں کے خلاف دہشت گردی کے مترادف ہے ،بیان

جمعرات 24 ستمبر 2020 23:31

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 ستمبر2020ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے ادویات کی قیمتوں میں 262 فیصد اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے فوری واپس لینے کا مطالبہ کردیا ہے ۔ اپنے ایک بیان میں شہبازشریف نے کہا کہ نالائقی، بدنیتی اور بدعنوانی کی بڑی بھاری قیمت ہے جو بدقسمتی سے عوام روزانہ کی بنیاد پر چکا رہے ہیں ۔

حکومت نے کینسر کے مریضوں کی مفت ادویات تک بند کردیں، مفت علاج، ٹیسٹ اور دوائی سے غریب عوام کو محروم کیا۔

(جاری ہے)

مہنگائی عروج پر ہے، بجلی گیس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے عوام سے جینے کا حق چھین لیا ہے ۔شہبازشریف نے سوال کیا کہاں گئے وہ دعوے کہ عوام پر خرچ کریں گی ۔عوام کی جیب پر روز ڈاکہ ڈالا جارہا ہے، 500 فیصد ادویات کی قیمتوں میں پہلے بھی اضافہ ہوچکا ہے ۔

چینی، آٹا، خوراک کے بعد دوائیوں کی قیمتوں میں اضافے کا بم عوام پر پھینکاگیا ۔ادویات سکینڈل میں اربوں روپے کمانے والے وزیرکے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی ۔ادویات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ غریب مریضوں کے خلاف دہشت گردی کے مترادف ہے ۔حکومت مریضوں پر ظلم بند کرے، ادویات کی قیمتوں میں اضافہ فی الفور واپس لیاجائی