کراچی، نوتعینات افسران کی عصر حاضر کی جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگی ناگزیر ہے،پروفیسر خالد عراقی

جامعہ کراچی کی کوشش ہے کہ قانون نافذکرنے والے اداروں اور جوڈیشل اکیڈمی کے افسران کو بہتر تربیت فراہم کی جائے،وائس چانسلر

جمعرات 24 ستمبر 2020 23:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 ستمبر2020ء) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے اسکل ڈیولپمنٹ اور ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوتعینات افسران کی عصر حاضر کی جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگی اور اس پر عبور حاصل کرنا ناگزیر ہے۔جامعہ کراچی کی کوشش ہے کہ قانون نافذکرنے والے اداروں اور جوڈیشل اکیڈمی کے افسران کو بہتر سے بہتر تربیت فراہم کی جائے تاکہ جرائم پیشہ افراد تک رسائی کے ساتھ ساتھ اس کی بیخ کنی کو یقینی بنایا جاسکے،کیونکہ جرائم سے پاک پر امن معاشرہ ہی ترقی کا ضامن ہوتاہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوتعینات ٹرینی آفیسرز،انویسٹی گیشن آفیسرزاور پراسیکوٹرز کے لئے جامعہ کراچی کے سینٹر فارڈیجیٹل فارنسک سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام سینٹر ہذا میں منعقدہ تربیتی ورکشاپ بعنوان: ’’ڈیجیٹل فارنسک،فائینینشل اینڈ سائبرکرائم ‘‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں 25 سے زائد افسران نے شرکت کی۔

سینٹر فارڈیجیٹل فارنسک سائنس اینڈ ٹیکنالوجی جامعہ کراچی کے انچارج ڈاکٹر قمرالعارفین نے موبائل فون،جیوفینسنگ،کمپیوٹر فارنسک،کرائم سین انویسٹی گیشن اور لوکیشن ٹریکنگ کے حوالے سے شرکاء کو آگاہ کیا اورعملی تربیت بھی فراہم کی۔جامعہ کراچی کے شعبہ کمپیوٹر سائنس کے سابق چیئر مین پروفیسر ڈاکٹر عاقل برنی نے بِگ ڈیٹا،آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور مشین لرننگ سے متعلق تفصیلی گفتگو کی۔

سینٹر فارڈیجیٹل فارنسک سائنس اینڈ ٹیکنالوجی جامعہ کراچی کے ممبر ایڈوائزری کمیٹی سید عرفان حسین زیدی نے فائینینشل کرائم ،اینٹی منی لانڈرنگ اور فائینینشل ٹیریرازم سے متعلق تحقیقا ت کو عملی جامہ پہنانے کے طریقے بتائے ۔نیٹ ورک سیکیورٹی ایکسپرٹ محمد مناف نے سائبر اٹیک،سائبر تھریٹ ،سوشل ہراسمنٹ،رین سم ویئرجیسے کیسز سے متعلق آگاہی فراہم کی اور اس کے سدباب کے حوالے سے شرکاء کو آگاہ کیا۔تقریب کے اختتام پر شرکاء نے اس طرح کی تربیتی ورکشاپس کے تواترسے انعقادکو یقینی بنانے اور اس کو وقت کی اہم ضرورت قراردیا