وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی برائے ہاؤسنگ، کنسٹرکشن اینڈ ڈویلپمنٹ کا ہفتہ وار اجلاس

لاہور میٹرو منصوبے کے حوالے سے حکومت پنجاب کی جانب سے کئے جانے والے بہتر معاہدے پر اطمینان کا اظہار موجودہ حکومت شفاف معاہدوں اور عوام کی ایک ایک پائی کا مناسب استعمال یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے، وزیراعظم عمران خان

جمعرات 24 ستمبر 2020 23:43

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2020ء) وزیراعظم عمران خان نے لاہور میٹرو منصوبے کے حوالے سے حکومت پنجاب کی جانب سے کئے جانے والے بہتر معاہدے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت شفاف معاہدوں اور عوام کی ایک ایک پائی کا مناسب استعمال یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی برائے ہاؤسنگ، کنسٹرکشن اینڈ ڈویلپمنٹ کے ہفتہ وار اجلاس کی صدارت کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز، معاون خصوصی ملک امین اسلم، گورنر سندھ عمران اسمعیل، معاونین خصوصی لیفٹنٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ، ڈاکٹر شہباز گل، گورنر سٹیٹ بنک رضا باقر، چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی لیفٹنٹ جنرل(ر) انور علی حیدر، و دیگر سینئر افسران شریک، چیف سیکرٹری صاحبان کی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

چیئرمین سی ڈی اے نے وزیرِاعظم کو وفاقی دارالحکومت میں جاری ترقیاتی منصوبوں، گذشتہ دو نیلامیوں،اسلام آباد کے ماسٹر پلان کو از سر نو مرتب کرنے کے حوالے سے پیش رفت اور تعمیراتی سرگرمیوں کے فروغ کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات بشمول سی ڈی اے کی آٹومیشن سے متعلق آگاہ کیا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے بتایا کہ گذشتہ دو نیلامیوں (جولائی اور ستمبر) میں سی ڈی اے نے 55 ارب روپے اکٹھے کیے ہیں جو کہ وفاقی دارالحکومت کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لئے برؤے کار لائے جائیں گے۔

مکمل شدہ منصوبوں کے حوالے سے بتایا گیا کہ پارک انکلیو بریج، برما بریج، جی سیون جی ایٹ انڈر پاس منصوبہ اور پیدل چلنے والوں کے لئے مختلف بریج اور کیپیٹل ہسپتال میں اضافی بلاک تعمیر کرنے کے منصوبے مکمل کیے جا چکے ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اسلام آباد اور راولپنڈی کی صاف پانی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے غازی بروتھا سے پانی کی فراہمی کا منصوبہ شروع کر دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ روات بھارہ کہو رنگ روڈ تعمیر کے منصوبے پر غور کیا جا رہا ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں گرین ایریاز کے تحفظ کے لئے کیے جانے والے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ چیف سیکرٹری سندھ نے بتایا کہ 3.8ملین مربع فٹ پر تعمیرات کے انیس منصوبوں کی منظوری دی جا چکی ہے جبکہ 4.2ملین مربع فٹ پر تعمیرات کے منصوبوں کی منظوری کا عمل زیر غور ہے۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے بتایا کہ 7.49ملین مربع فٹ پر تعمیرات کے منصوبوں کی منظوری دی جا چکی ہے جبکہ 12.07ملین مربع فٹ کی تعمیرات کے منصوبوں کی منظوریوں کا عمل زیر غور ہے جسے مقررہ مدت میں مکمل کر لیا جائے گا۔

لاہور میٹرو منصوبے کے حوالہ سے اجلاس کو بتایا گیا کہ گذشتہ دورِ حکومت میں میٹرو کا معاہدہ 364 روپے فی کلومیٹر کے حساب سے کیا گیا جبکہ موجودہ دور میں جبکہ ڈالر کی قیمت بھی بڑھی ہے یہ معاہدہ 304روپے فی کلومیٹر کے حساب سے کیا گیا ہے۔ اس طرح فی کلومیٹر 60 روپے بچت کی گئی ہے جس کے نتیجہ میں سالانہ 287 ملین روپے اور 8 سالوں میں 2.29 ارب روپے بچت ہو گی۔ وزیرِاعظم نے حکومت پنجاب کی جانب سے کئے جانے والے بہتر معاہدے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجود حکومت شفاف معاہدوں اور عوام کی ایک ایک پائی کا مناسب استعمال یقینی بنانے کے حوالے سے پرعزم ہے۔