ملک میں فرقہ وارانہ تصادم کی سازشیں ناکام بنائیں گے، علماء ومشائخ کنونشن

ًتوہین اہل بیت و توہین صحابہ پر کسی کو رعایت دینا ملک سے دشمنی تصور کی جائے گی،اعلامیہ

جمعرات 24 ستمبر 2020 23:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 ستمبر2020ء) علماء ومشائخ کنونشن کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ملک میں فرقہ وارانہ تصادم کی سازشیں ناکام بنائیں گے۔ دہشتگردی ، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کے خلاف تحریک چلائیں گے۔ ملک کو عدم استحکام کی طرف لے جانے والے عناصر کے ریاست بلاامتیاز کاروائی کرے۔توہین اہل بیت و توہین صحابہ پر کسی کو رعایت دینا ملک سے دشمنی تصور کی جائے گی۔

مذہب کے نام پر دہشتگردی ، فرقہ واریت ، انتہا پسندی خلاف اسلام ہے۔ انبیاء علیہ السلام، اہل بیت اطہار، اصحاب رسول، ازواج مطہرات ، خلفائے راشدین ، آئمہ اطہار کی گستاخیاں روکی جائیں۔ اپنے مسلک کو چھوڑو نہ اور کسی کے مسلک کو چھیڑو نہ کی پالیسی پر سختی سے عمل در آمد کروایا جائے۔

(جاری ہے)

اسلام کے نام استعمال کرنے والے قادیانیوں کو سخت سزائیں دی جائیں۔

شرانگیز اور قابل نفرت لٹریچر پر فی الفور پابندی عائد کی جائے۔ ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنے والی قوتوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔10ربیع الاول کو دھوبی گھاٹ فیصل آباد میں میلاد النبی کانفرنس ہوگی علماء ومشائخ کنونشن آستانہ عالیہ محدث اعظم پاکستان اور مرکزی دارالعلوم جامعہ رضویہ مظہر اسلام کے زیر انتظام گلستان محدث اعظم جامعہ رضویہ میں منعقد ہوا۔

کنونشن کی صدارت سجادہ نشین آستانہ عالیہ محدث اعظم صاحبزادہ پیر قاضی محمد فیض رسول نے کی۔کنونشن میں 200مدارس اہلسنّت کے سربراہان، 20تنظیمات اہلسنّت اور 500سے زائد علماء ومشائخ نے خصوصی شرکت کی۔ مدارس اہلسنّت کے سربراہان میں مہتمم جامعہ رضویہ مظہر اسلام صاحبزادہ حسین رضا، جامعہ محدث اعظم کے پیر قاضی محمد فیض رسول، جامعہ امینیہ رضویہ کے علامہ سعید احمد اسعد، جامعہ قادریہ رضویہ کے مولانا ضیاء المصطفیٰ، جامعہ نوریہ رضویہ کے سید شفاعت رسول ،مولانا باغ علی رضوی، شیخ الحدیث علامہ محمد سعید قمر سیالوی، علامہ حامد سرفراز ، صاحبزادہ حمید الدین رضوی، شیخ الحدیث مولانا محمد یوسف نقشبندی و دیگر ، صاحبزادہ حسان احمد، مولانا مولانا فضل الرحمان نورانی،منیر نورانی،چوہدری محمد حنیف،سید حیدر رضا شاہ، انجمن طلباء اسلام کے مرکزی صدر معظم شہزاد ساہی و دیگرشامل تھے۔

اہلسنّت جماعتوں میں سنی اتحاد کونسل، تحریک اہلسنّت پاکستان، پاکستان سنی تحریک،تحریک لبیک یارسول اللہ ،سنی تحریک ،سنی تنظیم القرآ، جمعیت علماء پاکستان، مرکزی جمعیت علماء پاکستان، انجمن طلباء اسلام ، اہلسنّت سٹوڈنٹ فیڈریشن، جماعت اہلسنّت پاکستان، تحریک نفاذ اسلام، انجمن نوجوانان اسلام، انجمن فدایان رسول، بزم محدث اعظم پاکستان و دیگر شامل ہیں۔

کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے تحریک اہلسنّت پاکستان کے چیئرمین سجادہ نشین آستانہ عالیہ محدث اعظم صاحبزادہ پیر قاضی محمد فیض رسول نے کہا کہ غیر ملکی قوتیں ملک میں انتشار پیدا کرنا چاہتی ہیں۔10ربیع الاول کو دھوبی گھاٹ میں تاریخ ساز جلسہ ہوگا۔ اہل حق سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔اتحاد اہلسنّت کے لیے اہلسنّت جماعتوں کی پانچ رکنی نمائندہ کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔

اتحاد اہلسنّت کے لیے ہر ماہ دو اجلاس منعقد کیے جائیں گے۔پاکستان بنانے والوں نے پاکستان بچانے کے لیے صف بندی کرلی ہے۔ تمام اہلسنّت جماعتوں کو متحد کریں گے۔سنی اتحاد کونسل کے مرکزی وائس چیئرمین صاحبزادہ حسن رضا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتہا پسندی اور فرقہ واریت کا زہر پاکستان میں دوبارہ بویا جارہا ہے۔ پاکستان بنانے والوں کے وارثین کا سیاسی اتحاد ناگزیر ہوچکا ہے۔

غیر ملکی عناصر پاکستان میں فرقہ واریت کے لیے فنڈنگ کررہے ہیں۔ حکومت فرقہ وارانہ سرگرمیوں میں ملوت افراد کے خلاف سخت کاروائی کرے۔ جامعہ رضویہ کے مہتمم صاحبزادہ حسین رضانے کہا کہ ملک میں فرقہ واریت کی فضاء قائم کی جارہی ہے۔ توہین مذہب کے قانون پر سخت عمل درآمد ضروری ہے۔ مدارس دنیہ رشد و ہدایت کے مراکز اور دنیا کی سب سے منفرد این جی اوز ہیں۔

سازشی عناصر مدارس اہلسنّت کے خلاف محاذ آرائی میں مصروف ہیں۔ جامعہ قادریہ رضویہ کے مولانا ضیاء المصطفیٰ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقدسات کی توہین روک کر ملک کو انتشار سے بچایا جاسکتا ہے۔ اسلام اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں۔ جامعہ نوریہ رضویہ کے مہتمم سید شفاعت رسول نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اہل سنت عدم تشدد کی سیاست کے علمبردار ہیں۔

صوفیاء کے ماننے والے امن کے پیروکار ہیں۔ جامعہ رضویہ کے مہتمم صاحبزادہ حسین رضا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محدث اعظم کا گھرانہ ایک بار پھر اہلسنّت کو متحد کرکے فرقہ واریت اور انتہا پسندی کو دفن کردے گا۔ محب وطن اہلسنّت کو سیاسی لائحہ عمل دیکر مضبوط اور توانا کریں گے۔ مدارس اہلسنّت کے خلاف ہونے والی سازشیں ناکام ہوں گی۔ فرقہ واریت اور انتہا پسندی سمیت گستاخانہ مواد کے خاتمے کے لیے حکومتی کوششوں کا ساتھ دیں گے۔

انجمن طلباء اسلام کے مرکزی صدر معظم شہزاد ساہی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اتحاد اہلسنّت کے لیے خانوادہ محدث اعظم کی آواز پر لبیک کہیں گے۔ تحریک اہلسنّت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلی ڈاکٹر محمد یونس رضوی نے کہا کہ درود والے ملک کے حقیقی وارث ہیں۔ جماعت اہلسنّت پاکستان کے ڈویثرنل صدرصاحبزادہ حمید الدین رضوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام میں ملکی حالات خراب کرکے امن تباہ کرنے کی کوشش کی گئی۔

سنی اتحاد کونسل کے رہنما ملک بخش الٰہی نے کہا کہ ریاستی ادارے فرقہ وارانہ سرگرمیوں والے افراد کو قانون کے کٹہرے میں لائیں ۔ علامہ حامد سرفراز قادری نے کہا کہ طلباء قیادت علماء ومشائخ کی راہنمائی میں استحکام پاکستان کے لیے میدان عمل میں موجود ہے۔ اہلسنّت سٹوڈنٹ فیڈریشن کے صاحبزادہ مدثر قاضی نے کہا کہ اسلام میں اعتدال کار استہ ہے۔ اسلام کا نام استعمال کرنے والے سازشی اسلام کے دشمن ہیں۔