کراچی کو مافیاؤں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا ،ْحافظ نعیم الرحمن

جماعت اسلامی کراچی کے مایوس اور محروم عوام کی آواز ہے ،ْالیکٹرانک فلوٹ کے ذریعے سے نچلی سطح پر پیغام پہنچارہے ہیں ،ْمیڈیا سے گفتگو جماعت اسلامی شہر بھر میں درست مردم شماری سمیت کوٹہ سسٹم اور بااختیار شہری حکومت کے حوالے سے تحریک چلارہی ہی،ْ امیرجماعت اسلامی

جمعہ 25 ستمبر 2020 00:08

ْکراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2020ء) امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہاہے کہ کراچی کو ان مافیاؤں کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑسکتے جنہوں نے 30برسوںمیں کراچی کو تباہ برباد کیااور شہریوں کا استحصال کیا، جماعت اسلامی کے تحت شہر بھر میں حقوقِ کراچی تحریک چلائی جارہی ہے، کارکنان الیکٹرانک فلوٹ کے ذریعے سے گراس روڈ لیول پر پیغام پہنچارہے ہیں،جماعت اسلامی کراچی کے مایوس اور محروم عوام کی آواز ہے، جماعت اسلامی شہر بھر میں مردم شماری سمیت کوٹہ سسٹم اور بااختیار شہری حکومت کے حوالے سے تحریک چلارہی ہے۔

27ستمبر کو شاہراہ قائدین پر عظیم الشان ’’حقوق کراچی مارچ‘‘ ہوگا ، امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق مارچ سے خصوصی خطاب کریں گے اور آئندہ کا لائحہ عمل پیش کریں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں ’’حقوق کراچی تحریک‘‘ اور 27ستمبر کو شاہراہ قائدین پر ہونے والے عظیم الشان ’’حقوق کراچی مارچ‘‘ کی تیاریوں کے سلسلے میں پبلیسٹی وین VANS-SMDکو مختلف اضلاع میں روانہ کرنے کے موقع پر میڈیاکے نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر امیر ضلع ایئر پورٹ توفیق الدین صدیقی ،سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ودیگر بھی موجود تھے ۔حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزیدکہاکہ جماعت اسلامی شہر کی اسٹیک ہولڈر جماعت ہے جس نے ماضی میں بھی شہر کی بے مثال خدمت کی، کراچی پر اپنے حق کا دعویٰ کرنے والی سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے عصبیت اور لسانیت کے نام پر عوام کا استحصال کیا ،کراچی شہر ایک گلدستہ کی مانند ہے جہاں پورے ملک سے وابستہ افراد کی نمائندگی ہے ، کراچی پورے پاکستان کو چلاتا ہے لیکن ہمیشہ سے کراچی کے ساتھ برا سلوک کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ معاشی رپورٹ کے مطابق پورا ملک کراچی کے ٹیکس سے چلتا ہے،وفاقی وصوبائی حکومتیں کراچی کو دینے کے بجائے صرف لیتی ہیں ، وزیر اعظم عمران خان کے اعلان کے بعد اب تک کسی آبادی میں تعمیر و ترقی کا کوئی کام نہیں کیاگیا۔انہوں نے کہاکہ کراچی کے بنیادی مسائل مردم شماری،کوٹہ سسٹم اور بااختیاری شہری حکومت ہے ،چیف جسٹس صاحب نے بھی بااختیار شہری حکومت کے حوالے سے واضح مؤقف دیا ہے،عوام میں امید کی کرن پیدا ہوئی ہے ،کراچی کے عوام 27ستمبر کے مارچ میں بھرپور شرکت کریں مارچ کو کامیاب کرائیں اور جماعت اسلامی کے ہاتھ مضبوط کریں تاکہ پھر سے کراچی ترقی یافتہ شہر بن سکے ۔

انہوں نے کہاکہ کے الیکٹرک ایک مافیا کی شکل اختیار کرچکی ہے ،کراچی میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندے کے الیکٹرک کو سپورٹ کرتے رہے ہیں، جماعت اسلامی کے سوا کسی سیاسی جماعت نے کے الیکٹرک کے خلاف آواز نہیں اٹھائی ،آج کے الیکٹرک کی جانب سے طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے شہری بلبلا اٹھے ہیں اور شہری مطالبہ کررہے ہیں کہ کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ کر کے قومی تحویل میں لیا جائے اور اس کا فارنزک آڈٹ کیا جائے ۔