گومل یونیورسٹی نے ملحقہ کالجوں میں ایسوسی ایٹ ڈگری کا نفاذ کر دیا

جمعہ 25 ستمبر 2020 16:04

ڈیرہ اسماعیل خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2020ء) وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد کی زیر صدارت 33ویں اکیڈمک کونسل میٹنگ کا انعقاد کیا گیا ۔اس موقع پر تمام شعبہ جات کے ڈین، رجسٹراراور دیگر ممبران بھی موجود تھے۔ میٹنگ کا ایجنڈا ڈائریکٹر گریجویٹ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ پروفیسر ڈاکٹر نعمت اللہ بابر نے ممبران کے سامنے پیش کیا ۔

میٹنگ میں ایچ ای سی قوانین کی روسے پورے ملک میں سب سے پہلے گومل یونیورسٹی میں ایسوسی ایٹ ڈگری کے نفاذ کا فیصلہ کیاگیا ۔وائس چانسلر ڈاکٹرافتخار احمد نے ایسوسی ایٹ ڈگری کے نفاذ کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ گومل یونیورسٹی سے ملحقہ کالجوں میں طلباء ایف اے /ایف ایس سی کے بعد دو سالہ ایسوسی ایٹ ڈگری میں داخلہ لیں گے اور دو سال مکمل ہونے کے بعد ان کو ایسوسی ایٹ کی ڈگری دیدی جائیگی اس کے ساتھ ساتھ وہ طلباء جو مزید تعلیم حاصل کے خواہش مند ہوں گے ان کو گومل یونیورسٹی میں بی ایس کے تیسرے سال میں داخلہ دیدیا جائیگا اور انہیں چار سالہ بی ایس کی ڈگری دی جائیگی۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر نے ایسوسی ایٹ ڈگری کے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ طلباء کو گومل یونیورسٹی کی مجاز باڈیزسے منظور شدہ کسی بھی بی ایس پروگرام میں پہلے دو سال کے کورسز پڑھنا ہونگے اور پہلے سمسٹر کے مکمل ہونے پر سمسٹر میں کسی بھی وقت طلباء کواپنے کورس کے مطابق 9ہفتہ کی انٹرن شپ کرنا ہوگی یا پھر 360گھنٹے اپنے متعلقہ کورس کے مطابق کسی بھی ادارے کے ساتھ کام کرنا ہوگا اور اسی طرح ایسوسی ایٹ ڈگری میں پریکٹیکل لرننگ لیب بھی اسکا حصہ ہونگی۔

جس میں طلباء کو دو سمسٹر کے دوران ہفتہ میں چار گھنٹے ،انٹرپرینورشپ، یوتھ کلب یا سپورٹس جیسی مثبت سرگرمیوں میں سے کسی ایک میں لازمی حصہ لینگے۔ اس حوالے سے گومل یونیورسٹی کے ڈپٹی رجسٹرار اکیڈمکس نے ایک تفصیلی نوٹیفیکیشن نمبر483-90/DRA/GU مورخہ23ستمبر2020کو جاری کیا جس میں ایسوسی ایٹ ڈگری کے حوالے سے تمام تر تفصیل بھی درج ہے۔ وائس چانسلر نے مزیدکہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ کو دیکھنا ہوتا ہے کہ یونیورسٹی کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے کیا ضروری ہے اور کیا نہیں۔

انشاء اللہ اگلا سال گومل یونیورسٹی کیلئے خوش آئند ہو گا ۔اکیڈمک کونسل کی میٹنگ میں ایم فل اور پی ایچ ڈی کرنیوالے گومل یونیورسٹی ملازمین کو این او سی جاری کر دی گئی۔اکیڈمک کونسل میں سمسٹر سسٹم کوایچ ای سی قوانین کے مطابق مزید بہتر بنانے ،گومل یونیورسٹی میں بی ایس نرسنگ پروگرام کوشروع کرنے سمیت دیگر مسائل کے حل کیلئے کمیٹیا ںتشکیل دی گئیں جن کو اپنی رپورٹ فوری طور پر جمع کرانے کا حکم دیا گیا۔ میٹنگ میں فیکلٹی آف الائیڈ ہیلتھ سائنسز کی سفارشات بھی کی گئیں جس میں بی ایس نرسنگ، فارمیسی ٹیکنیشن،ریڈیالوجی ،ڈاکٹریٹوریٹ آف فزیکل تھراپی اورڈپلومہ سونوگرافی شامل ہوں گے۔ جس کو ایوان نے منظور کرکے سنڈیکیٹ کو بھیج دیا۔

متعلقہ عنوان :