علاقے میں امن و امان کی صورتحال تسلی بخش ہے،ایس ایچ او صدر پولیس تھانہ ڈیرہ مراد جمالی

جمعہ 25 ستمبر 2020 16:47

ڈیرہ مراد جمالی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2020ء) ایس ایچ او صدر پولیس تھانہ ڈیرہ مراد جمالی غلام علی کنڈرانی نے کہا کہ قومی شاہراہ سمیت علاقے میں امن و امان کی صورتحال تسلی بخش ہے تاہم داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ کو مزید سخت کردیا گیا ہے جرائم پیشہ عناصر اشتہاری و مفرور ملزمان اور منشیات فروشوں کے خلاف کاروائیوں کا عمل جاری ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا نمائندوں سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر محمد خان جمالی اور تھانے کے مدد محرر محمود بروہی بھی موجود تھے غلام علی کنڈرانی نے کہا کہ جناب ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس نصیرآباد رینج شہاب عظیم لہڑی اور ایس ایس پی نصیرآباد عبدالحئی عامر بلوچ کی خصوصی ہدایات و ٹاسک پر ایس ڈی پی او سرکل ڈیرہ مراد جمالی ملک عبدالغفار سیلاچی کی سربراہی میں اشتہاری و مفرور ملزمان کی گرفتاریوں کے لئے پولیس اپنی بہتر حکمت عملی پر عمل پیرا ہے، انہوں نے کہا کہ کسی بھی فریادی کی جائز شکایات پر فوری کاروائی عمل میں لائی جاتی ہے عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داریوں میں شامل ہے کسی کے ساتھ کوئی زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی اور کہا کہ پولیس گشت میں اضافہ کے ساتھ تھانہ کے مختلف ناکہ جات پر تعینات پولیس آفیسران و اہلکاران کی حاضریوں کو یقینی بنایا گیا ہے فرائض میں غفلت و لاپرواہی اور غیر حاضری برداشت نہیں کی جائے گی انہوں نے میڈیا کے توسط سے عوام الناس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان کی برقراری کے لئے جرائم پیشہ عناصر مشکوک افراد اور مشکوک موٹرسائیکل پر کڑی نظر رکھتے ہوئے پولیس کے ساتھ اپنے تعاون کو جاری رکھیں کیونکہ قیام امن ہم سب کی ضرورت ہے۔