عوام بالخصوص معاشرہ کے کمزور طبقات کو صحت کی معیاری سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے،

پنجاب کے دو بڑے شہروں میں قومی صحت کارڈ کی یونیورسل کوریج کے اجراء کا جائزہ لیا جائے

جمعہ 25 ستمبر 2020 17:22

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2020ء) وزیرِاعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عوام بالخصوص معاشرہ کے کمزور طبقات کو صحت کی معیاری سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، پنجاب کے دو بڑے شہروں میں قومی صحت کارڈ کی یونیورسل کوریج کے اجراء کا جائزہ لیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو صوبہ پنجاب اور صوبہ خیبرپختونخوا میں قومی صحت کارڈ پروگرام کے تحت مستحقین افراد کو صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان، وزیرِ صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد، وزیرِ صحت کے پی تیمور سلیم جھگڑا، پارلیمانی سیکرٹری ڈاکٹر نوشین حامد، متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے سیکرٹری صاحبان اور سینئر افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ موجودہ دورِ حکومت میں صحت سہولت پروگرام کا دائرہ کار صوبہ پنجاب کے تمام 36 اضلاع تک بڑھایا جا چکا ہے، اب تک تقریباً 51 لاکھ خاندان اس پروگرام کے تحت رجسٹرڈ کئے جا چکے ہیں، پروگرام کے تحت ہر خاندان کو 7 لاکھ 20 ہزار روپے تک کی صحت کی سہولیات کا کور فراہم کیا جا رہا ہے۔

وزیرِاعظم کو بتایا گیا کہ موجودہ دورِ حکومت میں اس پروگرام سے استفادہ کرنے والے افراد کی تعداد میں واضح اضافہ ہوا ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 2020ء میں اب تک 80389 افراد اس سہولت سے استفادہ کر چکے ہیں۔ رجسٹریشن کے حوالے سے بتایا گیا کہ گذشتہ ڈیڑھ ماہ میں ایک لاکھ 20 ہزار خاندانوں کو رجسٹرڈ کیا گیا ہے جبکہ اب تک 235 ہسپتالوں کو پینل میں شامل کیا جا چکا ہے۔

وزیرِاعظم کو بتایا گیا کہ پروگرام سے مستفید ہونے والے افراد کی جانب سے فراہم کئے جانے والے فیڈ بیک کے مطابق 97.5 فیصد افراد نے اس پروگرام پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے۔ اجلاس میں صوبہ خیبرپختونخوا میں قومی صحت کارڈ کی یونیورسل کوریج کے حوالے سے پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔ وزیرِاعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام اور خصوصاً معاشرے کے کمزور طبقوں کو صحت کی معیاری سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیرِاعظم نے کہا کہ غریب افراد کو صحت کی سہولیات کی فراہمی اختیاری نہیں بلکہ لازمی ہے۔ وزیرِاعظم نے وزیرِ صحت پنجاب کو ہدایت کی کہ صوبہ خیبرپختونخوا کی طرز پر ابتدائی طور پر صوبہ پنجاب کے دو بڑے شہروں میں یونیورسل کوریج کا اجراء کرنے پر غور کیا جائے۔