تفضل رضوی نے چھ فرنچائزز کی جانب سے دائر کی گئی پٹیشن پر اعتراض اٹھا دیا

معاہدے کے مطابق پی سی بی اور فرنچائزز کے درمیان کسی بھی معاملے کو حل کرنے کا موزوں فورم آربیٹیریشن کا آغاز ہے، وکیل

جمعہ 25 ستمبر 2020 19:06

تفضل رضوی نے چھ فرنچائزز کی جانب سے دائر کی گئی پٹیشن پر اعتراض اٹھا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2020ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے وکیل تفضل رضوی نے چھ فرنچائزز کی جانب سے دائر کی گئی پٹیشن پر اعتراض اٹھا دیا اور کہاہے کہ معاہدے کے مطابق پی سی بی اور فرنچائزز کے درمیان کسی بھی معاملے کو حل کرنے کا موزوں فورم آربیٹیریشن کا آغاز ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے وکلاء چھ فرنچائزز کی جانب سے دائر کی گئی پٹیشن پر جمعہ کوجسٹس ساجد محمودسیٹھی کے روبرو پیش ہوئے۔

اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے وکیل تفضل رضوی نے پٹیشن پر اعتراض اٹھاتے ہوئے معزز عدالت کو آگاہ کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے رواں ہفتے 2 مختلف مواقع پر ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کی تمام فرنچائززکو نیک نیتی کے ساتھ فنانشل ماڈل پر شکایات کا ازالہ کرنے کے لیے بات چیت کی دعوت دی۔

(جاری ہے)

تفضل رضوی نے معزز عدالت کو بتایا کہ معاہدے کے مطابق پی سی بی اور فرنچائزز کے درمیان کسی بھی معاملے کو حل کرنے کا موزوں فورم آربیٹیریشن کا آغاز ہے، لہٰذا فرنچائزز کی جانب سے دائر کی گئی یہ پٹیشن مسترد کی جانی چاہیے۔

معزز عدالت کی ہدایت کے مطابق پی سی بی اپنا تحریری بیان سماعت کی اگلی تاریخ ، 30 ستمبربروز بدھ کو جمع کرائے گا۔پی سی بی اپنے پارٹنرز کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہے تاہم اس معاملے پراسے مایوسی اور حیرانی ہوئی ہے کہ فنانشل ماڈل پر بات چیت کی پیشکش کے باوجود فرنچائزز نے معزز عدالت سے رجوع کرلیا۔ پی سی بی معزز عدالت میں اٹھائے گئے تمام اعتراضات کو دور کرنیاور تمام فریقین کے لیے قابل عمل حل کا منتظر ہے۔