بجلی وگیس کی بدترین لوڈشیڈنگ کے خلاف لیاری گلستان کالونی کے شہری سڑکوں پر نکل آئے

جمعہ 25 ستمبر 2020 19:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2020ء) بجلی وگیس کی بدترین لوڈشیڈنگ کے خلاف لیاری گلستان کالونی کے شہری سڑکوں پر نکل آئے،میراں ناکہ پل پر بھرپوراحتجاج، مولانا نورالحق نے انتظامیہ کو پیر تک کا الٹی میٹم دے دیا،پیر تک مسئلے حل نہ ہوئے تو پھر بھرپور احتجاجی تحریک چلائیں گے جس کی ذمہ داری انتظامیہ ،کے الیکٹرک اور سوئی گیس کمپنی کے افسران پر عائد ہوگی، میراں ناکہ گلستان کالونی ولیاری بھر میں بجلی گیس کے طویل ترین لوڈشیڈنگ کے خلاف لیاری کے باسی مشتعل ہوکے سڑکوں پر نکل آئے اور میراں ناکہ پل بند کردیا،اس موقع پرجمعیت علما اسلام ضلع جنوبی کے امیر این اے 246 لیاری سے ایم ایم اے کے سابق مقبول امیدوار جامعہ محمودیہ میراں ناکہ کے مہتمم شیخ الحدیث مولانا نورالحق نے مشتعل مظاہرین سے خطاب میں کہا کہ ہماری انتظامیہ سے بات ہوگئی ہے،ہم نے انہیں پیر کے دن تک مہلت دی ہے کہ بجلی وگیس کے مسائل حل کئے جائیں ورنہ پیر سے بھرپور احتجاجی تحریک چلائیں اورمین سڑکیں بند کردیں گے،جس کی ذمہ داری جس کی ذمہ داری انتظامیہ ،کے الیکٹرک اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے افسران پر عائد ہوگی۔