سابق کھلاڑیوں نے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں اپنی پسندیدہ ٹیموں کا انتخاب کرلیا

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ 2020 میں شریک تمام ٹیموں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں، معین خان تمام ٹیمیں متوازی ہیں، آئیں مل کر اس ٹورنامنٹ کوکامیاب بنائیں، راشد لطیف

جمعہ 25 ستمبر 2020 19:20

سابق کھلاڑیوں نے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں اپنی پسندیدہ ٹیموں کا انتخاب ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2020ء) پاکستان کے ڈومیسٹک سیزن 21-2020 کا آغاز نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ سے ہورہا ہے۔ کورونا وائرس کے ان غیرمعمولی حالات کے باوجود کرکٹ سرگرمیوں کے آغاز پر جہاں کرکٹ کے مداح پرجوش ہیں تووہیں سابق کرکٹرز بھی کرکٹ کے اس محدود ترین فارمیٹ میں سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کے منتظر ہیں۔ 30 ستمبر سے ملتان میں شروع ہونے والے ایونٹ میں ناردرن اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔

ٹورنامنٹ کا دوسرا مرحلہ9 اکتوبرسے راولپنڈی میں شروع ہوگا، جہاں ایونٹ کی دو بہترین ٹیموں کے درمیان فائنل 18 اکتوبر کو ہوگا۔اس سلسلے میں پاکستان کے نامور سابق کھلاڑیوں نے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ 2020ء میں شریک 6 کرکٹ ایسوسی ایشنز میں سے اپنی اپنی پسندیدہ ٹیموں کا انتخاب کیا ہے۔

(جاری ہے)

سابق کپتان رمیز راجہ اور سعید اجمل کو ناردرن سے ٹائٹل کے دفاع کی امید ہے تاہم بازید خان، عمران نذیر اور عبدالرحمٰن نے محمد رضوان کی قیادت میں میدان میں اترنے والی خیبرپختونخوا کواپنی فیورٹ ٹیم قرار دیا ہے۔

یونس خان نے بلوچستان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا توماضی کے 2 معروف وکٹ کیپر بیٹسمین راشد لطیف اور معین خان کی نظریں ایونٹ میں اعلیٰ معیار کے کرکٹ مقابلے دیکھنے کی منتظر ہیں۔ سابق ٹیسٹ کپتان اور معروف کمنٹیٹر رمیز راجہ کا کہناہے کہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے قریب آتے ہی فضا میں خوشی کی ایک واضح لہر محسوس کی جا سکتی ہے، یقین ہے کہ یہ ٹورنامنٹ شاندار رہے گا کیونکہ یہاں پاکستان کے سب سے باصلاحیت کرکٹر زایک دوسرے پر سبقت لیجانے کے لیے مدمقابل ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ عماد وسیم اعلیٰ کپتان ہیں اور ان کی کپتانی میں میدان میں اترنے والی ناردرن کی ٹیم کو شکست دینا آسان نہیں ہوگا،ناردرن کے نائب کپتان شاداب خان بھی محدود طرز کی کرکٹ کے بہترین کھلاڑی ہیں۔ رمیز راجہ نے کہا کہ ناردرن کی ٹیم میں شامل نوجوان بیٹسمین حیدر علی کی بے خوف بیٹنگ کرنے کی صلاحیت انہیں ٹورنامنٹ میں شریک جبکہ دیگر تمام کھلاڑیوں سے منفرد بناتی ہے۔

سابق کپتان یونس خان کا کہنا ہے کہ وہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ 2020ء میں بلوچستان کی ٹیم کو اسپورٹ کر رہے ہیں کیونکہ اس ٹیم میں سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کا بہترین امتزاج موجود ہے، انہیں یقین ہے کہ یاسر شاہ اور بسم اللہ خان کی موجودگی میں بلوچستان کی ٹیم اچھا پرفارم کریگی، بلوچستان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے یونس خان نے کہا کہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں سنسنی خیز مقابلے ہوں گے جسے دیکھ کر شائقین کرکٹ خوب محظوظ ہوںگے۔

سابق کرکٹر سعید اجمل نے کپتان عماد وسیم، شاداب خان اور محمد عامر جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل ناردرن کو ایونٹ کی فیورٹ ٹیم قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدر علی اور روحیل نذیر جیسے باصلاحیت نوجوان کرکٹرز کی موجودگی کے باعث دیگر ٹیموں کی نسبت ناردرن کا کمبی نیشن زیادہ بہترہے۔ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں سیالکوٹ اسٹالینز کی پہچان سمجھے جانے والے عمران نذیر اس مرتبہ ایونٹ میں خیبر پختونخوا کو اسپورٹ کریں گے۔

عمران نذیر نے کے پی کرکٹ ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ محمد حفیظ، شعیب ملک، محمد رضوان اور فخر زمان جیسے کھلاڑیوں کی موجودگی میں خیبرپختونخوا کا کمبی نیشن سب سے بہترین ہے، انہیں امید ہے کہ اسکواڈ میں شامل ہر کرکٹر عبدالرزاق کی کوچنگ میں زبردست کھیل کا مظاہرہ کرے گا۔ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں سابق کرکٹر عبدالرحمٰن نے خیبرپختونخوا کو اپنی پسندیدہ ٹیم قرار دیا ہے۔

سابق ٹیسٹ اسپنر کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں کسی بھی ٹیم کا انحصار آل راؤنڈرز پر ہوتا ہے اور خیبرپختونخوا کی ٹیم میں شعیب ملک اور محمد حفیظ جیسے دو تجربہ کار آل راؤنڈرز موجود ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹیم کا توازن برقرار رکھنے کیلئے اس میں فخر زمان اور محمد رضوان جیسے کھلاڑی موجود ہیں۔ بازید خان کاکہنا ہے کہ ان کی نظر میں خیبر پختونخوا کی ٹیم میچ ونرز کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، لہٰذا یہ ٹیم ٹورنامنٹ جیتنے کے لئے سب سے فیورٹ ہے، وہاب ریاض ،شاہین شاہ آفریدی اور جنید خان میچ ونر کھلاڑی ہیں۔

سابق کرکٹر نے کہا کہ خیبرپختونخوا کا اسکواڈایک ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے لحاظ سے بہت اچھا بائولنگ اٹیک ہے اور کسی کو بھی اسپن آلراونڈر ذوہیب خان کی صلاحیت پر بھی کوئی شک نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تجربہ کار شعیب ملک، محمد حفیظ، فخر زمان اور افتخار احمد جیسے کرکٹرز بخوبی جانتے ہیں کہ ایک اچھا ٹارگٹ کیا ہوتا ہے۔سابق کپتان معین خان کا کہنا ہے کہ وہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں شریک تمام ٹیموں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں، انہیں امید ہے کہ یہ ایک بہترین ٹورنامنٹ ثابت ہوگا۔

معین خان کا کہنا تھا کہ یہ ٹورنامنٹ نوجوان کھلاڑیوں کو ایچ بی ایل پی ایس ایل اور قومی ٹیم میں سلیکٹ ہونے کے مواقع فراہم کرے گا،لہٰذا قومی کھلاڑیوں کو کسی صورت یہ موقع نہیں گنوانا چاہیے۔راشد لطیف نے کہا کہ دفائی چیمپین ناردرن کے پاس محمد وسیم کی صورت میں ایک بہترین ہیڈ کوچ اور عماد وسیم جیساکپتان موجود ہے، اس اسکواڈ میں محمد عامر جیسا تجربہ کار فاسٹ باؤلر اور حیدر علی جیسا نوجوان کھلاڑی موجودہے، اسی طرح خیبرپختونخوا کے پاس عبدالرزاق جیسا نیا کوچ اور محمد رضوان جیسا نیا کپتان موجود ہے ، جنہیں جنید خان ، محمد حفیظ، وہاب ریاض اور شعیب ملک جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں کا ساتھ میسر ہے۔

راشد لطیف کا مزید کہنا تھا کہ یہ ٹورنامنٹ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے بہت اہم ہے، وہ پرامید ہیں کہ یہ ٹورنامنٹ کامیاب رہے گا۔ انہوں نے مداحوں سے درخواست کی ہے کہ وہ اس ایونٹ کو کامیاب بنانے کے لیے اپنی بھرپور اسپورٹ کریں گے۔