حکومت کی ذمہ داری ہے اشیائے خورد و نوش پر ناجائز منافع خوری کی بیخ کنی کرے، لیاقت بلوچ

حکومت ،اداروں اور ملاوٹ مافیا گٹھ جوڑ سے عوام کو مضر صحت چیزیں کھانا پڑ رہی ہیں، اسلامی پاکستان ہی عوام کے حقوق کا تحفظ کرسکتا ہے ، نائب امیر جماعت اسلامی

جمعہ 25 ستمبر 2020 19:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 ستمبر2020ء) نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ سے صارفین کے وفد نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور انہیں مہنگائی ،عوام کے لئے مشکل ترین صورتحال اور اپنے مسائل سے آگاہی دی ۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ اشیائے خورد و نوش پر ناجائز منافع خوری کی بیخ کنی کرے ۔عوام کو ملاوٹ شدہ اور مضر صحت کھانے کی اشیا ء مل رہی ہیں۔

دودھ میں پانی ،پائوڈر ،کیمیکل ،یوریا اور مرچوں میں اینٹوں کا چورا ملایاجارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت ،اداروں اور ملاوٹ مافیا کا گٹھ جوڑ ہے جس کی وجہ سے عوام کو مضر صحت چیزیں کھانا پڑ رہی ہیں۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ ہر جگہ اس کے خلاف صارفین منظم ہوں اور صارفین کے تحفظ کیلئے عدالتیں فعال کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

تاجر برادری ایماندار ی سے ناپ تول کرے ،غلط بیانی سے پرہیزکیااور عوام کو دھوکہ نہ دیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی پاکستان ہی عوام کے حقوق کا تحفظ کرسکتا ہے ۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ منظم سازش کے تحت پاکستان میں اتحاد اوریکجہتی کو پارہ پارہ کیا جارہا ہے ۔فسادات کی آگ بھڑکانہ عالمی ایجنڈا اور گریٹ گیم کا حصہ ہے ۔اللہ کی توحید ،تحفظ ختم نبوت ﷺ ،صحابہ کرامؓ اور اہل بیت ؑ پوری امت کی عقیدتوں کا مرکز و محور ہیں۔حکومت وزراء نے فرقہ واریت ،مسالک کے درمیان شدت پیدا کرنے کا گھنائونا کردار ادا کیا ہے ۔

اکابر علماء اور امت کے خیر خواہ تعصبات کی آگ پر اتحاد و وحدت کا پانی ڈالیں اور نئی نسل کو نفرتوں اور تعصبا ت کی آگ سے بچائیں۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ گلگت بلتستان کے مسائل حل کرنے کی بجائے حکومتی عاقبت نااندیش روش نے مسئلہ کشمیر کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے ۔عمران خان سرکار مسئلہ کشمیر پر غیر ذمہ دارانہ روش چھوڑ دے ۔آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کو پاکستان کے اندرونی سیاسی اختلافات کی آگ کا ایندھن نہ بنایا جائے ۔