وزیراعظم عمران خان کا افغان صدر اشرف غنی سے ٹیلی فون پر رابطہ ، افغان امن عمل و دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا

تمام افغان شراکت داروں کو اس تاریخی موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے افغان حکومت اور افغان عوام کی قیادت میں اجتماعی جامع سیاسی معاہدہ کیلئے مل کر کام کرنا چاہیے، پاکستان افغان عوام کی جانب سے اپنے مستقبل کیلئے کیے جانے والے فیصلوں کی حمایت جاری رکھے گا، وزیراعظم عمران خان

جمعہ 25 ستمبر 2020 20:57

وزیراعظم عمران خان کا افغان صدر اشرف غنی سے ٹیلی فون پر رابطہ ، افغان ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2020ء) وزیراعظم عمران خان نے افغانستان کے صدر اشرف غنی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور افغان امن عمل و دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم میڈیا آفس کے مطابق اس موقع پر وزیراعظم نے افغان امن عمل کے لئے پاکستان کی پختہ حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ ان کوششوں سے امریکہ طالبان امن معاہدہ اور بین الافغان مذاکرات کے آغاز کی صورت میں مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔

انہوں نے دوحہ میں بین الافغان مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کیلئے متعلقہ فریقین کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔ وزیراعظم نے افغانستان میں فائر بندی کے سلسلہ میں تشدد میں کمی کیلئے کام کرنے والے تمام افغان فریقین کی اہمیت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ تمام افغان شراکت داروں کو اس تاریخی موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے افغان حکومت اور افغان عوام کی قیادت میں اجتماعی جامع سیاسی معاہدہ کیلئے مل کر کام کرنا چاہیے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان افغان عوام کی جانب سے اپنے مستقبل کیلئے کئے جانے والے فیصلوں کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے دوطرفہ تعلقات کے حوالہ سے کہا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ تعمیری تعلقات اور افغان عوام کیلئے امن، استحکام و خوشحالی کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ افغان قومی مصالحتی کونسل کے چیئرمین عبدالله عبدالله اگلے ہفتے اسلام آباد کا دورہ کریں گے۔ وزیراعظم نے افغانستان کے دورہ کی دعوت دینے پر صدر اشرف غنی کا شکریہ ادا کیا اور جلد دورہ کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔