وزیر اعظم پہلے ملک کے اندر موجودلٹیروں سے تو قومی دولت جمع کر لیں پھر اقوام متحدہ سے مطالبہ کریں،مولانا عبدالحق ہاشمی

جمعہ 25 ستمبر 2020 21:01

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 ستمبر2020ء) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ وزیر اعظم پہلے ملک کے اندر موجودلٹیروں سے تو قومی دولت جمع کر لیں پھر اقوام متحدہ سے مطالبہ کریں وزیراعظم کے آس پاس سب ٹیکس چور ،ذخیرہ اندوز،لینڈ مافیا اور مصنوعی مہنگائی پید اکرنے والے موجود ہیں پہلے اپنا گھر صاف کریں پھر عالمی برادری کو مشورہ دیں بدقسمتی سے ہمارے وزیر اعظم کے آس پاس اچھے لوگ نہیں جس کی وجہ موجودہ حکومت ڈیلیور نہیں کر رہی ۔

انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم نے عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا عوام کا کوئی مسئلہ حل نہیں ہوا مہنگائی ،بھاری قرضے ،آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے احکامات کی وجہ سے عوام کی زندگی اجیرن بن گئی ہے ۔ہر طرف لوٹ مار ،بدعنوانی ،اقرباء پروری ،مہنگائی ،بے روزگاری کادور دورہ ہے وزیر اعظم اپنے چوروں کا محاسبہ کررہے ہیں اور نہ ا ن سے لوٹی ہوئی قومی دولت برآمد کر رہے ہیں مگر دنیا کو مشورہ دے رہے ہیں کہ لوٹی ہوئی دولت برآمد کرکے غریب ممالک پر خرچ کیا جائے مسئلہ یہی ہے کہ یہاں ہمارے حکمرانوں کے قول وفعل میں تضاد ہے نہ کسی کو انصاف مل رہاہے کہ جمہوریت بحال ہے اور نہ ہی اسلامی قوانین پر عمل ہورہا ہے جس کی وجہ سے حالات بدسے بدتر ہورہے ہیں اگر حکومت کی نیک ٹھیک ہوتی تو لٹیروں سے قومی دولت برآمد ان کوسزادی جاتی مگر یہاں ان کے برعکس ہورہا ہے ۔

(جاری ہے)

آئین پر عمل کرکے جمہوری طورطریقے سے حکومت چلانے کی ضرورت ہے پاکستان کی بنیاد کلمہ طیبہ ،پاکستان کا نام اسلامی جمہوریہ پاکستان ،ریاستی مذہب اسلام اور قرار داد مقاصد آئین کا لازمی حصہ ہے ۔اسی آئین کے مطابق حلف اٹھانے والوں کی طرف سے پاکستان کو لبرل بنانے کے اعلانا ت اور اسلامی دفعات کے منافی اقدامات ،آئین پاکستان سے کھلی بغاوت اور بانیان پاکستان و شہیدان وطن کی روحوں سے بے وفائی ہے ۔حکومت نے دو سال میں مہنگائی ، بے روزگاری میں اضافہ کرنے ،بھاری قرضے ،بے عمل اعلانات اور عوام کو سبز باغ دکھانے کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔