ادویہ کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے سے غریب مریضوں کو زندگی سے بھی محروم کیا جا رہا ہے،حافظ طاہرمجید

کہاں گئے وہ حکومتی دعوے کہ عوام پر خرچ کریں گے، نااہل اور نالائق حکومت نے عوام سے جینے کا حق تک چھین لیا ہے،امیرجماعت اسلامی حیدرآباد

جمعہ 25 ستمبر 2020 22:06

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2020ء) امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد حافظ طاہر مجید نے ادویہ کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ادویہ کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے سے غریب مریضوں کو زندگی سے بھی محروم کیا جا رہا ہے، کہاں گئے وہ حکومتی دعوے کہ عوام پر خرچ کریں گے، نااہل اور نالائق حکومت نے عوام سے جینے کا حق تک چھین لیا ہے، ایک بیان میں حافظ طاہر مجید نے کہا کہ حکومت آئے روز آٹے، چینی، گھی، دالیں یہاں تک کہ زندگی بچانے والی ادویہ مہنگی کر رہی ہے، ثابت ہو گیا کہ یہ مافیاز کی حکومت ہے، حکومت نے کینسر کے مریضوں کی مفت ادویہ تک بند کردیں، مفت علاج، ٹیسٹ اور دوائی سے غریب عوام کو محروم کیا جا رہا ہے، غریب عوام کی جیب پر روز ڈاکہ ڈالا جارہا ہے، انہوں نے کہا کہ چینی، آٹا، خوراک کے بعد دوائیوں کی قیمتوں میں اضافے کا بم عوام پر پھینکاگیا، ادویہ اسکینڈل میں اربوں روپے کمانے والے وزیرکے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی، عوام کی قوت خرید جواب دے گئی ہے، اب لوگوں کے ہاتھ حکمرانوں کے گریبانوں پر ہوں گے، حکومت مریضوں پر ظلم بند کرے، ادویہ کی قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لیاجائے۔