ماحولیاتی تبدیلی کی وجہ سے بنی نوع انسان کو درپیش ماحولیاتی خطرے سے نمٹنے کیلئے موثر اقدامات کی ضرورت ہے،وزیراعظم عمران خان

جمعہ 25 ستمبر 2020 23:33

ماحولیاتی تبدیلی کی وجہ سے بنی نوع انسان کو درپیش ماحولیاتی خطرے سے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2020ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی کی وجہ سے بنی نوع انسان کو درپیش ماحولیاتی خطرے سے نمٹنے کیلئے موثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ جمعہ کو اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے ورچوئل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ ماحولیاتی تبدیلی کے مسئلے کو حل کرنا عالمی ذمہ داری ہے۔

ہم نے ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے میں اپنے حصے کے طور پر اگلے تین سال میں ماحولیا تی تبدیلی کے لئے 10 ارب درخت لگانے کا انتہائی پرعزم پروگرام شروع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا، سائیبریا، کیلی فورنیا حتیٰ کہ برازیل میں لگنے والی غیر معمولی آگ دنیا کے مختلف حصوں میں آنے والے غیر معمولی سیلاب اور قطب شمالی میں درجہ حرارت میں ریکارڈ اضافے کے پیش نظر ہمیں اپنی مستقبل کی نسلوں کے بارے میں فکر مند ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پیرس معاہدے میں ہونے والے وعدوں خاص طور پر ماحولیاتی تبدیلی کے لئے سالانہ 100 ارب ڈالر جمع کرنے کے ہدف کو ہر صورت عملی جامہ پہنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کاربن کے اخراج کے حوالے سے پاکستان کا بہت کم حصہ ہے لیکن اس کا شمار ماحولیاتی تبدیلی سے شدید متاثرہ ملکوں میں ہوتا ہے اس کے باوجود ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ پہل کرتے ہوئے اپنی ذمہ داری ادا کریں۔