اب بیرون ممالک سستا ترین سفر ممکن ہو جائے گا

3 ممالک کیلئے فیری سروس کے آغاز کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں، ابتدائی طور پر کراچی سے عراق کیلئے سمندری سروس کا آغاز کیا جائے گا

muhammad ali محمد علی ہفتہ 26 ستمبر 2020 00:04

اب بیرون ممالک سستا ترین سفر ممکن ہو جائے گا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 ستمبر2020ء) اب بیرون ممالک سستا ترین سفر ممکن ہو جائے گا، 3 ممالک کیلئے فیری سروس کے آغاز کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں، ابتدائی طور پر کراچی سے عراق کیلئے سمندری سروس کا آغاز کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق بیرون ممالک جانے والے پاکستانیوں کو سستی سفری سہولت فراہم کرنے کیلئے فیری سروس کے آغاز کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں۔

اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ابتدائی طور پر 3 اسلامی ممالک کیلئے فیری سروس کا آغاز کیا جائے گا۔ سب سے پہلے کراچی سے عراق کیلئے فیری سروس شروع ہوگی۔ ایران،عراق اور شام میں مقدس مقامات کی زیارت سے متعلق پالیسی تیار کی گئی ہے۔ وزیرمذہبی امورکی سربراہی میں ذیلی کمیٹی نےپالیسی کو حتمی شکل دی ہے۔ کمیٹی میں شیریں مزاری،علی زیدی،ندیم افضل چن،عاصم سلیم باجوہ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

پالیسی کے مطابق زائرین اور ٹورآپریٹرز کو وزارت مذہبی امور میں رجسٹرڈ کیا جائے گا۔ کوئٹہ، تفتان میں زائرین کی رہائش کیلئے انتظامات کئے جائیں گے۔ کوئٹہ تفتان روڈپرسروس ایریا تعمیرکئے جائیں گے۔ کراچی سےعراق فیری سروس شروع کی جائےگی۔ جبکہ مستقبل میں گوادرسےعراق فیری سروس بھی شروع کی جائےگی۔ کراچی سےفیری سروس سے سفر کو سستا اور محفوظ بنایا جائے گا۔

زیارت پالیسی کا حتمی مسودہ کابینہ سے منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان اور وفاقی کابینہ نے رواں ماہ کے آغاز میں پاکستان کے ساحلی شہروں سے فیری سروس کے آغاز کی باقاعدہ منظوری دے دی تھی۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر علی زیدی کی جانب سے بتایا گیا کہ بلیو اکانومی وژن کے تحت وفاقی کابینہ نے فیری شپس چلانے کی اجازت دی ہے۔ سمندر کے ذریعے سفر کرنے والوں کے لئے اب سمندری سرحدیں کھلی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ فیری سروس کے آغاز سے ملک میں سیاحت کے شعبہ کو بھی فروغ ملے گا، غیر ملکی سیاحوں کی بڑی تعداد کی پاکستان آمد ممکن ہوگی۔