وزیر اعظم عمران خان نے اپنے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے خطاب میں ایک دفعہ پھر دنیا کے سامنے بھارت کی طرف سے نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو بے نقاب کیا،بھارت اپنی معاندانہ پالیسیوں کے باعث، خطے کے امن و امان سے کھیل رہا ہے، وزیر اعظم نے ایک دفعہ پھر بین الاقوامی سطح پر واضح کیا کہ پاکستان، فلسطین کے حوالے سے اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل کی قرارداوں کے مطابق دو ریاستی حل کا حامی ہے، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی

ہفتہ 26 ستمبر 2020 09:35

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2020ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے اپنے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے خطاب میں ایک دفعہ پھر دنیا کے سامنے بھارت کی طرف سے نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو بے نقاب کیا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کی اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 75ویں اجلاس میں کیے گئے خطاب کے حوالے سے بیان میں وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کیے گئے 05 اگست 2019 کے یکطرفہ اقدامات، کمیونیکیشن بلیک آؤٹ،نہتے شہریوں پر پلیٹ گنز کا استعمال ،کالے قوانین کا اطلاق، ڈومیسائل قوانین میں ترامیم کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنے کی کوشش، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، بین الاقوامی قوانین اور جنیوا کنونشن سے انحراف کو واضح انداز میں اقوامِ عالم کے سامنے رکھا۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم عمران خان نے بھارت کی طرف سے فالس فلیگ آپریشن کے خدشات کا ذکر کرتے ہوئے واضح کیا کہ بھارت اپنی معاندانہ پالیسیوں کے باعث، خطے کے امن و امان سے کھیل رہا ہے۔وزیر اعظم نے ایک دفعہ پھر بین الاقوامی سطح پر واضح کیا کہ پاکستان، فلسطین کے حوالے سے اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل کی قرارداوں کے مطابق دو ریاستی حل کا حامی ہے۔وزیر اعظم عمران خان نے افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی مصالحانہ کاوشوں کو دنیا کے سامنے رکھتے ہوئے شرپسند عناصر کی موجودگی کے خطرے سے بھی خبردار کیا۔