کاشتکار موسم سرماکے سبز چارے برسیم ، لوسرن ، جئی کی سفارش کردہ اقسام کی اگیتی کاشت فوری شروع کر دیں ،ماہرین زراعت کی ہدایت

ہفتہ 26 ستمبر 2020 14:41

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2020ء) ماہرین زراعت نے موسم سرما میں مویشیوں کی سبز چارے کی ضروریات پوری کرنے کیلئے کاشتکاروں کو برسیم ، لوسرن ، جئی کی سفارش کردہ اقسام کاشت کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ یہ اگیتی کاشت فوری طور پر شروع کر کے اکتوبر کے آخر تک مکمل کر لیں تاہم جئی کی درمیانی و پچھیتی کاشت نومبر میں بھی کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے بتایاکہ جانوروں کو معیاری سبز چارہ کی فراہمی ان کی صحت اور پیداوار میں اضافہ کی ضامن ہے۔ انہوںنے کہا کہ ربیع کے چارے کی کاشت کیلئے ذرخیز زمین کا انتخاب کیا جاناچاہیے جس میں 3سی4مرتبہ ہل اور سہاگہ چلا کر اسے نرم و بھر بھرا کرتے ہوئے اس میں 12سے 15گڈے تک گوبر کی گلی فی ایکڑ ڈال کر زمین کو ہموار و ذرخیز کیا جا سکتاہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ برسیم اور لوسرن کا صاف ستھرا و معیاری بیج 6سے 8کلو گرام جبکہ برسیم کی مخلوط کاشت کیلئے سرسوں کی بجائے رائی گراس یا 15سے 20کلوگرام تک جئی کا معیاری بیج فی ایکڑ استعمال کرکے بہترین پیداوار حاصل کی جا سکتی ہے ۔

انہوںنے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ برسیم اور لوسرن کو کاشت کے بعد پہلا پانی ایک ہفتے بعد جبکہ جئی کو تین ہفتے بعد دینے سے صحت مند فصل پیدا کرنا ممکن ہو سکتاہے۔ انہوںنے بتایاکہ اگر ضرورت سے زیادہ چارہ موجود ہو تو اسے خشک اور سائیلیج کی صورت میں محفوظ بھی کیا جا سکتاہے۔

متعلقہ عنوان :