خیبرپختونخوا حکومت نے گاڑیوں کی نمبر پلیٹس تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا

ہفتہ 26 ستمبر 2020 15:04

خیبرپختونخوا حکومت نے گاڑیوں کی نمبر پلیٹس تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2020ء) خیبرپختونخوا حکومت نے گاڑیوں کی نمبر پلیٹس تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ صوبے بھر میں تمام گاڑیوں کی یونیورسل نمبر پلیٹس جاری کی جائیں گی، یہ اقدام گاڑیوں کی چوری اورڈکیتی کی وارداتیں روکنے کیلئے اٹھایا گیا ہے۔ سرکاری ذرائع محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے بھر میں گاڑیوں کی نمبر پلیٹس تبدیل کرکے یونیورسل نمبر پلیٹس جاری کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

یونیورسل نمبر پلیٹس سے گاڑیوں کی چوری کی وارداتیں روکنے کے ساتھ ساتھ جعلی گاڑیوں کی نشاندہی بھی ممکن ہوسکے گی جبکہ یونیورسل نمبر پلیٹس کے بعد مشکوک گاڑیاں ختم ہوجائیں گی۔ اس وقت خیبرپختونخواہ میں 70فیصد سے زائد گاڑیاں پنجاب سمیت دیگر صوبوں میں رجسٹریشن کرائی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

دوسرے صوبوں سے رجسٹرڈ گاڑیاں سڑکیں خیبرپختونخواہ اور ٹیکس یا ریونیو ان صوبوں کو جاتا ہے جہاں سے یہ گاڑیاں رجسٹرڈ ہوتی ہیں۔

لیکن یونیورسل نمبرپلیٹس سے صوبے کو ریونیو بھی ملے گا اور بار بار چیکنگ کا سلسلہ بھی ختم ہوجائے گا۔ بتایا گیا ہے کہ یونیورسل نمبر پلیٹس میں سیکیورٹی کے خصوصی فیچرز بھی متعارف کرائے جانے کی تجویز زیر غور ہے۔ دوسری جانب سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے غیر رجسٹرڈ موٹر سائیکلوں کالے شیشوں اور فینسی نمبر پلیٹ لگانے والوں کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے گزشتہ مہینے 3521افراد پر جرمانے عائد کئے۔