اسلامیہ کالج پشاور میں کیمپس کے جامعات کے وائس چانسلرز کا اجلاس

اجلاس کی صدارت اسلامیہ کالج پشاور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نوشاد خان نے کی اجلاس میں پشاور یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد عابد ، زرعی یونیورسٹی پشاور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جہان بخت کی شرکت

ہفتہ 26 ستمبر 2020 16:27

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2020ء) اسلامیہ کالج پشاور میں کیمپس کے جامعات کے وائس چانسلرز کا اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔اجلاس کی صدارت اسلامیہ کالج پشاور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نوشاد خان نے کی ۔اعلی تعلیمی کمیشن کے چیئر مین کے ساتھ گذشتہ ہفتے ویڈیو لنک کے ذریعے میٹنگ کے بعد وائس چانسلرز کے اجلاس میں یونیورسٹیوں کو دوبارہ کھولنے اور کورونا وائرس کے بارے میں حفاظتی اقدامات کے بارے میں سیر حاصل گفتگو ہوئی ، تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اسلامیہ کالج پشاور کے میں کمیٹی روم میں پشاور کیمپس کی جامعات کے وائس چانسلرز کا اجلاس منعقد ہوا ، جس کی صدارت اسلامیہ کالج پشاور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نوشاد خان نے کی۔

اجلاس میں پشاور یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد عابد، زرعی یونیورسٹی پشاور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جہان بخت اوریونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور کے خزانچی پروفیسر ڈاکٹر مصباح اللہ نے اپنے وائس چانسلر کی نمائندگی کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے ۔جس کے مطابق تمام جامعات کے وائس چانسلر زکا واٹس ایپ گروپ قائم کیا جائے گا ۔

ہر ایک وائس چانسلر کورونا وائرس کے حوالے سے ایک فوکل پرسن کا انتخاب بھی کرے گااور تمام فوکل پرسنز کا اپنا واٹس ایپ گروپ ہوگا ۔پشاور کیمپس کے جامعات کے وائس چانسلرز ہر پیر کو ملاقات کریں گے اور کورونا وائرس کے حوالے سے ایک متفقہ لائحہ عمل طے کریں گے ، کسی بھی ہنگامی صورتحال میں نہ صرف متعلقہ اداروںکو آگاہ کیا جائے گا ، بلکہ اعلی تعلیمی کمیشن کوبھی مطلع کیا جائے گا، تمام وائس چانسلرز نے اس بات پر اتفاق کیاکہ ہر یونیورسٹی میں مختلف شعبہ جات کے طلبا کو مرحلہ وار آنے دیا جائے گا اور کورونا وائرس کے حوالے سے تمام حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا ۔