با اثرایجوکیشن مافیا ملک کے مستقبل کو تاریک بنارہی ہے،شاہد رشید بٹ

منہ زورپرائیویٹ سکول مافیا والدین کومسلسل لوٹ رہی ہے، حکومت تعلیم کو لازمی سروس قرار دے، سکولوں کی فیس کاتعین کرے،سابق صدر اسلام آباد چیمبر

ہفتہ 26 ستمبر 2020 21:08

با اثرایجوکیشن مافیا ملک کے مستقبل کو تاریک بنارہی ہے،شاہد رشید بٹ
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 ستمبر2020ء) تاجر رہنما اوراسلام آباد چیمبر کے سابق صدر شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ با اثر ایجوکیشن مافیا ملک کے مستقبل کو تاریک بنانے میں اپنا بھرپورکردار ادا کر رہی ہے اور انھیں روکنے والا کوئی نہیں ہے۔نہ تو مرکزی حکومت تعلیمی نظام کو بہتر بنا سکی ہے اور نہ ہی صوبے اس سلسلہ میں کوئی پیش رفت کر سکے ہیں۔

طلباء اور انکے والدین کو پرائیویٹ سکول مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے تاکہ وہ انکا استحصال کر سکیں۔شاہد رشید بٹ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ تعلیم ہر ملک کے شہریوں کا بنیادی حق ہے جس کے لئے ایجوکیشن کے سارے نظام اور فیس سٹرکچرکو مناسب انداز میں ریگولیٹ کرنے کی ضرورت ہے ۔نجی تعلیمی اداروں نے یونیفارم کتابوں اور کاپیوں سمیت ہر چیز پر مناپلی قائم کر رکھی ہے اور والدین کو یہ اشیاء دگنی اور تگنی قیمت میں فراہم کی جاتی ہیں تاہم اساتزہ کو زلت آمیز ماحول میں انتہائی کم تنخواہ دی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

بعض سکولوں کے بچے تو بال بھی باہر سے نہیں کٹوا سکتے۔اشرافیہ کے لئے بنے ہوئے سکولوں میں اخلاق باختگی اور منشیات کا استعمال عام ہو چکا ہے جبکہ نظریاتی تعلیم اور اخلاقی تربیت کا نام و نشان تک موجود نہیں۔طلباء کو بتایا جاتا ہے کی ہر جائز و ناجائز سے پیسہ کمانا ہی کامیابی کی واحد علامت ہے۔انھوں نے کہا کہ حکومت نجی سکولوں کی بلیک میلنگ سے بچنے کے لئے تعلیم کولازمی سروس میں شامل کرے، سکولوں کا معیار دیکھ کر فیس کو تعین کرے، سکول مالکان کی جانب سے بیوروکریٹس کے بچوں کو مفت تعلیم اور سیاسی جماعتوں کو بھاری ڈونیشن دینے پر پابندی عائد کی جائے تاکہ وہ ان عناصر کی مدد سے اپنی لوٹ مار کا سلسلہ جاری نہ رکھ سکیں۔

متعلقہ عنوان :