ڈپٹی کمشنر سرگودھا کاانسداد ڈینگی کی زیرو سرگرمیاں کرنے والے محکموں کے اہلکاروں کی تنخواہیں روکنے اور انہیں اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کرنے کاحکم

اتوار 27 ستمبر 2020 11:50

سرگودہا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 ستمبر2020ء) ڈپٹی کمشنر سرگودھا نے انسداد ڈینگی کی زیرو سرگرمیاں کرنے والے محکموں کے اہلکاروں کی تنخواہیں روکنے اور انہیں اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کرنے کاحکم دیتے ہوئے محکمہ تعلیم ‘ صحت ‘ زراعت ‘ سوشل ویلفیئر ‘ منصوبہ بندی اور وسیع انفراسٹرکچر والے محکموں کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہر ذیلی اداروں میں انسداد ڈینگی اقدامات کیلئے فوکل پرسن او ریوزر مقرر کریں تاکہ ڈینگی کے لاروا کی دریافت کو یقینی بنایا جاسکے جبکہ خوشاب سے سرگودہا منتقل ہونے والے ڈینگی کے مریض کی جائے قیام گاہ کے گردونواح میں انسداد ڈینگی ایس او پیز مکمل کرنے کی ضرورت پر زوردیا تاکہ ویکٹر ڈینگی مچھر کاخاتمہ کیا جا سکے ۔

زرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر عبداللہ نئیر شیخ نے انسداد ڈینگی ریویو اجلاس کی صدارت کی۔

(جاری ہے)

جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل بلال فیروز جوئیہ ‘ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر رائے سمیع اللہ ‘ ایم ایس ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر غلام شبیر طاہر ‘ سی ای او ایجوکیشن ریاض قدیر بھٹی ‘ ڈی ایچ او ڈاکٹر ریاض ‘ ڈاکٹر سہیل اصغر قاضی ‘ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت ہاشم رضا ‘ تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز ‘ ڈپٹی ڈسٹرکٹ افسران اور متعلقہ محکموں کے نمائندے وافسران نے شرکت کی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عبداللہ نئیر شیخ نے کہاکہ انسداد ڈینگی قومی مشن ہے جس پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا ۔ تمام ادارے اپنے افسران او راہلکاروں کو متحرک رکھیں ۔ زیرو کارکردگی پر متعلقہ ضلعی افسران کو یہ ٹاسک خود کرنے کا پابندبنایا جائیگا اور نتائج کو سو فیصد بہتر بنایا جائیگا ۔ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ بلدیات کو اپنے ماتحت اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی او رکہاکہ اس قومی ذمہ داری میں سستی دکھانے والے افسران او راہلکاروں کو پیڈا ایکٹ کے تحت اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کئے جائیں ۔

انہوں نے ڈی ایچ او کو ہدایت کی کہ وہ سی بی سی ٹیسٹ کی خود تصدیق کریں او ربوگس تشخیص پر لیبارٹریوں کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ اجلا س میں بتایا گیاکہ گذشتہ ایک ہفتے کے دوران ضلع بھر میں 537 مشکوک افرادکے سی بی سی ٹیسٹ کئے گئے جن میں ایک میں بھی ڈینگی بخار کے اثرات نہیں پائے گئے۔

متعلقہ عنوان :