اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے پر وزیر اعظم عمران خان کی تعریف

اتوار 27 ستمبر 2020 13:05

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 ستمبر2020ء) غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں اسلامک پولیٹکل پارٹی اور اسلامی تنظم آزادی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے خطاب کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاہے کہ انہوں نے عالمی فورم پر جموں وکشمیر کا مسئلہ بھرپور انداز میں اٹھا کر کشمیریوں کا بہی خواہ اور محسن ہونے کا حق ادا کیاہے ۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق اسلامک پولیٹکل پارٹی کے چیئرمین محمد یوسف نقاش اور اسلای تنظیم آزادی کے چیئرمین عبدالصمد انقلابی نے سرینگر میں جاری اپنے الگ الگ بیانات میںکہا کہ پاکستان کے وزیرِ اعظم نے عالمی فورم پر کشمیریوں کی امنگوں اور آرزوؤں کی صحیح ترجمانی کی اورعالمی برادری کو مسئلہ کشمیر کی تاریخ اور موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کشمیرکاز کے لئے سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے پر پاکستان کا شکریہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو تمام بین الاقوامی فورموں میں اٹھایا اور بامعنی بات چیت کے ذریعے اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق اس کے حل پر زور دیا ۔ انہوںنے کہا کہ جموں وکشمیر دنیا کا سب سے زیادہ فوجی جما ؤوالا خطہ ہے اور بھارتی فوج یہاں سنگین قسم کے جنگی جرائم کا ارتکاب کررہی ہے۔

حریت رہنمائوں نے ترکی کے صدر کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے مظلوم اور محکوم کشمیریوں کے مصائب اور مشکلات کا سنجیدہ نوٹس لیکر ایک جرات مندانہ موقف اختیار کیا ہے۔انہوںنے جنرل اسمبلی سے نریندر مودی کے خطاب کو مسترد کرتے ہوئے کہاکہ اقوام متحدہ میں نریندر مودی کا خطاب عالمی برادری کو گمراہ کرنے کے سوا کچھ نہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام بھی نریندر مودی کے خطاب کو مسترد کرتے ہیں کیونکہ مودی اقوام متحدہ کی قراردادوں کو پائوں تلے روند رہا ہے۔

دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد کشمیر شاخ کے جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ پرویز احمد شاہ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے پر وزیر اعظم عمران خان کی تعریف کی ہے۔ انہوں نے اسلام آباد سے جاری ایک بیان میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اپنے خطاب میںمسئلہ کشمیر کے حل پر زوردے کر اور بھارتی فوج کے مظالم کو بے نقاب کرکے کشمیریوں کا وکیل ہونے کا حق ادا کیا ۔

حریت رہنما نے کہا کہ وزیر اعظم نے عالمی فورم پر مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کرانے پر زور دیکر ثابت کردیا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کا پائیدار بنیادوں پر حل چاہتا ہے ۔ حریت رہنما نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نے نام نہاد جمہوری بھارت کا بدصورت چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کرکے کشمیری عوام کے دل جیت لئے ہیں۔ ایڈووکیٹ پرویز احمد نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کی راہ میں بھارت کی ہٹ دھرمی سب سے بڑی رکاوٹ ہے ۔حریت رہنما نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے ترکی کے صدر رجب طیب اردگان کے خطاب کا بھی خیرمقدم کیا جنہوں نے مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کے قرار دادوں کے مطابق حل کرانے پر زو ر دیا ہے۔