شناخت کے باوجود نوری آباد حادثے کی میتیں نہیں دی جا رہی ہیں، اہلِ خانہ

اتوار 27 ستمبر 2020 14:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 ستمبر2020ء) حیدر آباد موٹر وے پر نوری آباد کے قریب پیش آنے والے وین حادثے میں جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ نے کہاہے کہ شناخت کے باوجودمیتیں نہیں دی جارہی ہیں۔نوری آباد میں گزشتہ شب پیش آنے والے ٹریفک حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 15 ہو گئی ہے، گزشتہ رات عباسی شہید اسپتال میں جاں بحق افراد کے ڈی این اے کی سیمپلنگ کا عمل مکمل کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق حادثے میں لیاقت آباد کے ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، جاں بحق ہونے والوں میں 3 خواتین اور 1 بچی بھی شامل ہے۔

(جاری ہے)

جاں بحق شخص کے بھائی راشد خان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ شناخت کے باوجود حکومت میتیں نہیں دے رہی، میتیں لینے میں پریشانی کا سامنا ہے۔انہوں نے کہاکہ پولیس نے ڈی این رپورٹ کے بغیر لاشیں دینے سے انکار کیا ہے۔

سہراب گوٹھ ایدھی سرد خانے کے انچارج جہانزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک ایدھی سرد خانے میں 14 لاشیں لائی گئی ہیں، جن میں9خواتین،3 مرداور2 بچیں شامل ہیں، لاشوں کے ڈی این اے کے نمونے عباسی شہید اسپتال میں لیے گئے۔انچارج ایدھی سرد خانہ نے بتایاکہ لاشیں ناقابلِ شناخت ہیں، ڈی این اے رپورٹ کے بعد ہی لاشیں ورثا کو دی جائیں گی۔