نئے کرکٹ ٹیلنٹ کی تلاش میں سابق کپتان راشد لطیف بھی پشاور زلمی کے ہمراہ

سابق کپتان راشد لطیف اور زلمی مینجمنٹ اور کرکٹرز کا وزیرستان میں ٹیلنٹ ہنٹ اور ٹرائلز

اتوار 27 ستمبر 2020 14:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 ستمبر2020ء) ایم جی زلمی کیمپ کے ذریعے نئے کرکٹ ٹیلنٹ کی تلاش میں پشاور زلمی مینجمنٹ نے وزیرستان میں دو روزہ ٹرائلز اور ٹیلنٹ ہنٹ کا انعقاد کیا۔ پشاور، جمرود، صوابی، سوات اور لاہور کے بعد پشاور زلمی کا وزیرستان میں دو روزہ ٹیلنٹ ہنٹ بھی نہایت کامیاب ثابت ہوا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف بھی خصوصی طور پر پشاور زلمی مینجمنٹ کے ہمراہ وزیرستان پہنچے۔

زلمی اسٹار کرکٹرز کامران اکمل، وہاب رہاض لاہور کے بعد وزیرستان میں بھی نوجوان کرکٹرز کی حوصلہ افزائی کے لیے موجود تھے۔ڈائریکٹر کرکٹ پشاور زلمی محمد اکرم ، اسپن کنسلٹنٹ ارشد خان نے نہ صرف ٹرائلز لیے بلکہ ساتھ ہی نوجوان کرکٹرز کو کوچنگ ٹپس بھی فراہم کیں۔

(جاری ہے)

سابق کپتان راشد لطیف نے کہا کرکٹ کے فروغ کے لیے پشاور زلمی کی کوششیں قابل تعریف ہیں،وزیرستان آکر بہت خوشی ہوئی، یہاں کرکٹ کا زبردست ٹیلنٹ موجود ہے۔

زلمی اسٹار فاسٹ باولر وہاب ریاض نے کہا کہ وزیرستان کی خوبصورتی اور لوگوں نے بہت متاثر کیا،اپنی فیملی کو بھی یہاں ضرور لائوں گا۔کامران اکمل نے کہا کہ وزیرستان کا موسم اور خوبصورتی دیکھ کر دل خوش ہوگیا۔چیئرمین پشاور زلمی جاوید آفریدی نے کہا کہ ایم جی زلمی کیمپ کے زریعے پشاور زلمی نے نوجوانوں کا صلاحیتوں کے اظہار کا پلیٹ فارم دیا، خوشی ہے کہ سابق کپتان راشد لطیف نے پشاور زلمی کے ساتھ وزیرستان جاکر کرکٹرز کی حوصلہ افزائی کی،وزیرستان کے نوجوان کرکٹرز نے ایم جی زلمی کیمپ کے انعقاد اور اسٹارکرکٹرز کی آمد پر خوشی کا اظہار اور پشاور زلمی کا شکریہ ادا کیا۔