پریمئر سپر لیگ کے زیر اہتمام پروفیسر مختار احمد بٹ میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ میں چار کوارٹر فائنل مقابلے

نیٹسول، ڈیجیٹل پلاننگ سروسز ، ڈیسکون اور ایبکس کی ٹیموں نے کامیابی کے بعد سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر لی

اتوار 27 ستمبر 2020 14:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 ستمبر2020ء) پریمئر سپر لیگ کے زیر اہتمام کارپوریٹ سیکٹر کی ٹیموں کے درمیان جاری پروفیسر مختار احمد بٹ میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ میںنیٹسول، ڈیجیٹل پلاننگ سروسز ، ڈیسکون اور ایبکس کی ٹیموں نے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر لی۔ اتفاق کرکٹ گرائونڈ اور عامر کیبل کرکٹ گرائونڈ ماڈل ٹائون میں پریمئر سپر لیگ کے زیر اہتمام پروفیسر مختار احمد بٹ میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ کے چار کوارٹر فائنل مقابلے ہوئے۔

اتفاق کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے پہلے کوارٹر فائنل میں ڈی پی ایس نے سیماٹکس ٹیکنالوجی کو 74 رنز سے شکست دی۔ ڈی پی ایس کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنائے۔ علی ارحم نے 58 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ ارسلان پرویز نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

(جاری ہے)

مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں سیماٹکس ٹیکنالوجی کی ٹیم 121 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

مدثر راٹھور حریف ٹیم کے 4کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھانے پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ اتفاق کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں ڈیسکون نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد جاز کو 2 رنز سے شکست دی۔ ڈیسکون نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 179 بنائے۔ مبشر اقبال نی87 رنز کی شاندار اننگز کھیلی ۔ مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں جاز کی ٹیم 177 رنز بناسکی۔

حیدر مہدی نے 53 رنز بنائے جبکہ عدنان اشرف نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ مبشر اقبال بہترین کارکردگی دکھانے پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ عامر کیبل کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں نیٹسول نے آئی سی آئی کو 71 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی۔ نیٹسول نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 216 رنز بنائے۔ بلال اسلم نے ناقابل شکست سنچری کے ساتھ 107 رنز بنائے ۔

مطلوبہ ہدف حاصل کرتے ہوئے آئی سی آئی کی ٹیم 145 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ فاتح ٹیم کے بالر جنید جمشید نے تین کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔ بلال اسلم کو بہترین کارکردگی پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا ۔ عامر کیبل کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں ایبکس نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد الباریو انجینئرنگ کو ایک رن سے شکست دی۔ ایبکس نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 149 رنز بنائے۔

شارون جان نے 51 رنز بنائے جبکہ حافظ فیصل نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جواب میں الباریو انجینئرنگ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 148 رنز بنا سکی۔ محمد مصطفی نے 42 رنز بنائے جبکہ اسفند یار نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ اسفند یار آل رائونڈ کارکردگی پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میچز اگلے ہفتے ڈیجیٹل پلاننگ سروسز اور ڈیسکون، نیٹسول اور ایبکس کے درمیان اتفاق کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے جائیں گے۔