شہر قائد میں آوارہ کتے نے بچوں سمیت 5 افراد کے منہ نوچ دیے

کتے نے چہرے ، ہاتھ اور جسم کے دوسرے حصوں پر بری طریقے سے کاٹا ، زخمیوں میں 3 بچے بھی شامل ہیں ، ڈائریکٹرجناح ہسپتال

Sajid Ali ساجد علی اتوار 27 ستمبر 2020 15:04

شہر قائد میں آوارہ کتے نے بچوں سمیت 5 افراد کے منہ نوچ دیے
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 ستمبر2020ء) کراچی کے علاقے کلفٹن میں آوارہ پاگل کتے نے 5 افراد کو کاٹ لیا ۔ اس حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے ڈائریکٹرجناح ہسپتال ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہنا ہے کہ کراچی میں کلفٹن تین تلوار کے علاقے میں میں آوارہ پاگل کتے نے 5 افراد کو کاٹ لیا ، جس کی وجہ سے زخمی ہونے والوں میں 3 بچے بھی شامل ہیں ۔ ڈاکٹر سیمی جمالی کے مطابق کتے نے بچوں کو چہرے ، ہاتھ اور جسم کے دوسرے حصوں پر بری طریقے سے کاٹا ، زخمیوں میں نواز، چمن لال، راجیش، جے چند، کرن اور ثمر شامل ہیں ، تمام زخمی افراد کا جناح ہسپتال کے سک گزیدگی سینٹر میں علاج جاری ہے جہاں انہیں کتے کاٹے کی ویکسین فراہم کر دی گئی ہیں ۔

یاد رہے کہ حال ہی میں کراچی میں آوارہ کتے نے خاتون نیوز اینکر کو بھی کاٹ لیا تھا ، واقعہ شہر قائد کے علاقے ڈیفنس میں پیش آیا ، پولیس نے کتے کی مالکن کیخلاف مقدمہ درج کر لیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس میں نجی ٹی وی چینل کی خاتون نیوز اینکر کو آوارہ کتنے کی جانب سے کاٹے جانے کا واقعہ پیش آیا ، ڈیفنس پولیس تھانے کے حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ واقعہ خیابان شمشیر ڈیفنس فیز 5 میں پیش آیا ، جہاں خاتون اینکر نے پولیس کو درج کروائی گئی رپورٹ میں بتایا کہ جس کتے نے انہیں کاٹا وہ ان کے پڑوس میں رہنے والی خاتون کا پالتو کتا ہے ، خاتون اینکر نے موقف اختیار کیا  کہ پڑوسی کا کتا دیگر لوگوں کو بھی کاٹ چکا ہے ۔

پولیس کا کہنا ہے کہ کتے کی مالکن خاتون اور ان کے کتے کی تلاش شروع کردی گئی ہے ، جبکہ خاتون اینکر کیے میڈیکل اور لیگل رپورٹ کی بنیاد پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ کراچی سمیت سندھ کے بیشتر شہروں میں آوارہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں تشویش ناک حد تک اضافہ ہوا ہے ، جہاں آوارہ کتوں کے کاٹنے سے کئی اموات بھی ہو چکی ہیں۔