افغان مصالحتی کونسل کے سربراہ ڈاکٹر عبد اللہ عبد اللہ تین روزہ دورے پر (آج)اسلام آباد پہنچیںگے

صدر ، وزیر اعظم سمیت اہم رہنمارہنمائوں سے ملاقاتیں کرینگے ،مذاکرات میں افغان امن عمل میں پاکستان کے کر دار پر خصوصی گفتگو ہوگی ورے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہونگے، مذاکراتی ٹیم میں شامل مولانا عطاء الرحمن سلیم کی خصوصی بات چیت افغان رہنمائوں کے دورے سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں ، امید ہے دورے کے انتہائی مثبت نتائج سامنے آئیں گے ، افغان ناظم الامو ر

اتوار 27 ستمبر 2020 15:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 ستمبر2020ء) افغانستان کے قومی مصالحتی کونسل کے سربراہ ڈاکٹر عبد اللہ عبد اللہ افغان امن عمل میں پاکستان کے تعاون اور دوطرفہ امورپر مذاکرات کیلئے (آج)پیر کو پاکستان کے تین روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے۔اسلام آباد میں افغانستان کے ناظم الامور عبد الرحیم قطرہ نے ’’این این آئی‘‘ کو بتایاکہ ڈاکٹر عبد اللہ عبد اللہ پاکستان کے رہنمائوں کیساتھ اہم امور پر مذاکرات کرینگے جس میں بنیادی موضوع افغانستان میں امن عمل ہوگا جس کو کامیاب بنانے کیلئے دونوںممالک کے درمیان تعاون پر بات چیت ہوگی ۔

انہوںنے کہاکہ افغان رہنمائوں کے دورے سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں اور ہمیں توقع ہے کہ دورے کے انتہائی مثبت نتائج سامنے آئیں گے ۔

(جاری ہے)

’’این این آئی ‘‘کو معلوم ہوا ہے کہ ڈاکٹر عبد اللہ عبد اللہ کے ساتھ تقریباً ساٹھ افراد کا وفد بھی پاکستان آئیگا جس میں ان کے مشیر ،کئی وزراء پاکستان کیلئے افغانستان کے خصوصی نمائندے عمر دائود زئی اور افغان حکومت کے مذاکراتی ٹیم کے سربراہ معصوم ستانکزئی بھی شامل ہیں ۔

ڈاکٹرعبد اللہ کے مذاکراتی ٹیم میں شامل قومی مصالحتی شوریٰ کے نائب مولانا عطاء الرحمن سلیم کابل سے ’’این این آئی ’’کو بتایاکہ د ورے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہونگے ۔انہوںنے کہاکہ پاکستانی رہنمائوں کے ساتھ مذاکرات میں پاکستان کے افغان امن عمل میں اہم کر دار پر خصوصی گفتگو ہوگی ۔ پروگرام کے مطابق ڈاکٹر عبد اللہ عبد اللہ صدر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان ، سپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینٹ کے علاوہ پاکستان کے مذہبی جماعتوں اور سیاسی جماعتوں کے سربراہان سے ملاقاتیں کرینگے ۔

وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ ماہ ٹیلیفونک گفتگو میں ڈاکٹر عبد اللہ عبد اللہ کوپاکستان آنے کی دعوت دی تھی یہ سر کاری حیثیت میں ڈاکٹر عبد اللہ عبد اللہ پاکستان کا پہلا دورہ ہے اس سے پہلے پاکستان نے ان کو کئی مرتبہ دورے کی دعوت دی تھی تاہم وہ پاکستان نہیںآئے تھے ۔ذرائع نے ’’این این آئی ‘‘کو بتایاکہ اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئر مین پروفیسر ڈاکٹر قبلہ ایاز اور مذہبی جماعتوں کے سربراہان کی مشترکہ طورپر عبداللہ عبد اللہ سے ملاقات ہوگی ۔

افغان سفارتی ذرائع نے بتایاکہ پاکستان میں مذہبی جماعتوں کا طالبان پر کافی اثر و رسوخ ہے اور ڈاکٹر عبد اللہ ان سے افغان امن عمل میں ان کی حمایت کی درخواست کرینگے ۔ ذرائع نے بتایاکہ ڈاکٹر عبد اللہ عبد اللہ اسلام آباد میں انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز میں ایک لیکچر بھی دینگے اس کے علاوہ سینئر صحافیوں اور پاک افغان ٹریک ٹو کے ایک گروپ کے ساتھ بھی ملاقاتیں کرینگے ۔ڈاکٹر عبد اللہ عبد اللہ کا دورہ افغان امن عمل کے اہم موڑ پر ہورہاہے اور بین الافغانی مذاکرات کو کامیاب بنانے کیلئے دونوں ممالک کے رہنما ڈاکٹر عبد اللہ عبد اللہ کے دورے میں مشاورت کرینگے ۔