Live Updates

ساہیوال میں خاتون پوسٹ ماسٹر پر تشدد کرنے والا پی ٹی آئی کارکن ضمانت پر رہا ہوگیا

پولیس نے سیاسی اثررسوخ کے باعث کمزور دفعات لگائیں، جس پر ملزم کی ضمانت ہوگئی، پولیس سخت دفعات لگاتی تو ملزم کی ضمانت منظور نہ ہوتی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 27 ستمبر 2020 21:43

ساہیوال میں خاتون پوسٹ ماسٹر پر تشدد کرنے والا پی ٹی آئی کارکن ضمانت ..
ساہیوال(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔27 ستمبر2020ء) ساہیوال میں خاتون پوسٹ ماسٹر پر تشدد کرنے والا پی ٹی آئی کا کارکن نوید اسلم ضمانت پر رہا ہوگیا، پولیس نے سیاسی اثررسوخ کے باعث کمزور دفعات لگائیں، جس پر ملزم کی ضمانت ہوگئی، پولیس سخت دفعات لگاتی تو ملزم کی ضمانت منظور نہ ہوتی۔ تفصیلات کے مطابق ساہیوال میں سینئر پوسٹ ماسٹر پر تشدد کا واقعہ پیش آیا ہے، ضلع کچری میں مجسٹریٹ نے ملزم نوید اسلم کو ضمانت پر رہا کردیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ خاتون پوسٹ ماسٹر صوفیہ قاسم پر تشدد کرنے والا پی ٹی آئی کا کارکن نوید اسلم ضمانت پر رہا ہوگیا ہے۔پولیس نے سیاسی اثررسوخ کے باعث کمزور دفعات لگائیں، جس پر ملزم کی ضمانت ہوگئی، پولیس سخت دفعات لگاتی تو ملزم کی ضمانت منظور نہ ہوتی۔

(جاری ہے)

نوید اسلم نے 24 ستمبر کو پوسٹ آفس میں جاکرخاتون پوسٹ ماسٹر صوفیہ قاسم کو تھپڑ مارے اور زدوکوب کیا۔

ملازمین نے صوفیہ قاسم کو بچایا، اور نوید اسلم کو آفس سے باہر نکالا۔صوفیہ قاسم نے بتایا کہ پولیس نے نوید اسلم کے مقدمے میں درست دفعات نہیں لگائی، جس کا ملزم کو فائدہ ہوا ہے، پولیس نے نوید اسلم کو مقدمہ درج کرکے گرفتار کیا تھا لیکن دفعات درست اور سخت نہ ہونے پر ملزم ضمانت پر رہا ہوگیا ہے۔صوفیہ قاسم نے کہا کہ نوید اسلم نے بغیر اجازت لیے، بغیر کوئی بات کیے میرے منہ پر تھپڑ مار دیا۔

مجھے ملزم کا پتا ہی اس وقت چلا جب اس نے میرے منہ پر تھپڑ مار ا۔ مجھے گھسیٹا۔ نوید اسلم نے دھمکیاں دیں کہ میں پی ٹی آئی کا ورکر ہوں، آپ میرا کچھ نہیں بگاڑ سکتے، میں ابھی وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو فون کرتا ہوں، تم سب لوگوں کو اٹھوا دوں گا۔ پولیس نے مقدمہ میری مدعیت میں درج کیا ہے لیکن ایف آئی آر میں ایسی دفعات شامل کی گئیں کہ ایک دن میں اس نے سیاسی اثررسوخ استعمال کرکے ضمانت پر رہا ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس ملک میں کوئی خاتون محفوظ نہیں ہے۔ پوسٹ آفس ملازمین نے احتجاج کیا کہ تحریک انصاف کے کارکن نوید اسلم نے پوسٹ آفس میں ملازمین کے ساتھ بدتمیزی کی اور سینئر پوسٹ ماسٹر کو زدوکوب کیا ہے۔ نوید اسلم وزیراعلیٰ پنجاب کا نام لے کر بدمعاشی کرتا ہے۔ دوسری جانب ملزم نوید اسلم نے اپنے بیان میں کہاکہ میں نے خاتون پوسٹ ماسٹر پر تشدد نہیں کیا۔محکمہ کا کنٹریکٹر ہوں اپنی ترسیلات لینے گیا تھا۔خاتون نے ترسیلات دینے سے انکار کیا اور پی ٹی آئی کو برا بھلا کہا۔ میرے پا س کوئی اسلحہ نہیں تھا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات