ٹاور اسپورٹس اور اسپورٹس ورکز مشترکہ طورپر ڈومیسٹک ایونٹس کے پروڈکشن پارٹنر مقرر یہی کنسوریشم زمبابوے سیریز کی پروڈکشن بھی کریگا

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے میچز سہ پہر 3 اور شام ساڑھے 7 بجے پی ٹی وی اسپورٹس پر براہ راست نشر ہوں گے، پی سی بی فینز کو ڈومیسٹک اور پاکستان کی ہوم کرکٹ کی اعلیٰ معیار کی کوریج فراہم کرنے کا خواہشمند ہے، ڈائریکٹر کمرشل بابرحمید

پیر 28 ستمبر 2020 02:15

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2020ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹاور اسپورٹس اور اسپورٹس ورکز کو مشترکہ طور پر نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ، قائداعظم ٹرافی اور زمبابوے کیخلاف ہوم سیریز کیلئے اپنا پروڈکشن پارٹنر مقرر کردیا ہے۔ان حقوق کی فراہمی آر ایف پی کے ایک مکمل عمل کے تحت کی گئی ہے۔ ٹاور اسپورٹس اور اسپورٹس ورکز نے مشترکہ طور پر ایچ بی ایل پی ایس ایل2020ء کی پروڈکشن کے بعد اب پاکستان کے ڈومیسٹک کرکٹ میچوں کی پروڈکشن کا انتخاب کیا ہے۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ حال ہی میں پی سی بی نے پی ٹی وی اسپورٹس اور آئی میڈیا کمیونیکیشن کے ساتھ تین سال کامعاہدہ کیا ہے جس کے تحت پی سی بی کو 200 ملین امریکی ڈالر کی آمدن متوقع ہے۔ڈائریکٹر کمرشل پی سی بی بابرحمید کا کہنا ہے کہ یہ پارٹنرشپ کرکٹ فینز کو ڈومیسٹک کرکٹ اور پاکستان کی ہوم کرکٹ کی اعلیٰ معیار کی کوریج فراہم کرنے سے متعلق پی سی بی کے نظریے کے عین مطابق ہے، اس سے قبل ہم پاکستان ٹیلی ویژن اسپورٹس اور آئی میڈیا کمیونیکیشن سروسز کے ساتھ معاہدہ کرچکے ہیں۔

(جاری ہے)

بابرحمید نے کہا کہ ٹاور اسپورٹس اور اسپورٹس ورکز مشترکہ طور پر ہمارے ساتھ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020ء میں کام کرچکے ہیں اور اس تجربے کی روشنی میں ہمیں ان کی قابلیت پر مکمل اعتماد ہے، یقین ہے کہ یہ اتحاد اب پاکستان کے ڈومیسٹک ایونٹس اور زمبابوے کیخلاف ہوم سیریز میں بھی اعلیٰ معیار کی پروڈکشن جاری رکھے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈومیسٹک میچوں کی اعلیٰ معیار کی کوریج سے نوجوانوں کو اپنے پسندیدہ کرکٹرز کو ایکشن میں دیکھنے کا موقع ملے گا، جس سے ملک بھر میں کرکٹ کے کھیل کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔

چیئرمین اسپورٹس ورکز کرس میکڈونلڈ کا کہنا ہے کہ وہ ایک بار پھر پاکستان کرکٹ کے ساتھ کام کا موقع ملنے پر فخر محسوس کرتے ہیں، رواں سال ہم نے پروڈکشن کا جو معیار ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020ء میں قائم کیا اسے اب ڈومیسٹک کرکٹ اور زمبابوے سیریز میں بھی برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ مل کر ڈومیسٹک کرکٹ کی بہترین پروڈکشن کے خواہاں ہیں۔

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کی پروڈکشن کے دوران کٴْل 24 کیمروں کا استعمال کیا جائے گا۔ اس دوران ایچ ڈی کیمرے اور جدید طرز کے گرافکس استعمال کئے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ میں روزانہ دو میچز کھیلے جائیں گے‘ پہلا میچ سہ پہر 3 اور دوسرا شام ساڑھے 7 بجے کھیلا جائیگا‘ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے تمام 33 میچز اور قائداعظم ٹرافی کے 11 میچز پی ٹی وی اسپورٹس پر براہ راست نشر کئے جائیں گے۔