حکومت مہنگائی کو لگام ڈالنے میںبری طرح ناکام ہوچکی ہے،رہنماء مجلس احرار اسلام پاکستان

مہنگائی کی وجہ سے پاکستان کی غریب عوام کی آہوں سے حکومت کو ڈرنا چاہیے ،سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ

پیر 28 ستمبر 2020 22:17

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 ستمبر2020ء) مجلس احرار اسلام پاکستان کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ حکومت مہنگائی کو لگام ڈالنے میںبری طرح ناکام ہوچکی ہے۔مہنگائی کی وجہ سے پاکستان کی غریب عوام کی آہوں سے حکومت کو ڈرنا چاہیے ۔مجلس احرار اسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا کہ ادویہ کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ کرنے والوں کے خلاف حکومتی ادارے سخت کاروائی کریں اور غریب عوام کا مہنگائی کے ذریعے خون چوسنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔

مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل میا ں محمداویس نے کہا کہ موجودہ حکومت کا قرضہ ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے اس کے باوجود بھی غریب عوام کو ہر قسم کی سہولیات سے محروم رکھا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

قاری محمد قاسم بلوچ نے کہا کہ بقول حکومت کے کہ یہ حکومت کرپشن سے پاک ہے تو بجلی پوری کیوں نہیں ہو رہی دن بدن لوڈ شیڈنگ بڑھ رہی ہے اور بجلی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں ۔

احرار رہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مہنگائی کے اسباب کا تدارک کیا جائے اور پاکستان اور اسلام دشمن قوتوں کے عزائم پر نظر رکھی جائے اور جو آئے روز حکومت اور عوام میں منافرت پیدا کی جارہی ہے ’’کبھی مذہبی طبقات کے جذبات مجروح کر کے تو کبھی عوام کے اوپر مہنگائی کا پہاڑ گرا کر ‘‘ اس کی بیخ کنی کی جائے تاکہ ملک امن وامان کا گہوارہ بن سکے ۔