کیڈٹ کالج کی تعمیر کیلئے موزوں جگہ کا انتخاب کیا جائے گا،،،شوکت علی یوسفزئی

کیڈٹ کالج کی تعمیر سے علاقے کی تعمیر و ترقی میں تیزی آئیگی،اس سے مستفید ہونیوالے پسماندہ علاقے کے لوگ ہونگے ،کمشنر بنوں ڈویژن

پیر 28 ستمبر 2020 23:42

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 ستمبر2020ء) کمشنر بنوں ڈویژن شوکت علی یوسفزئی ہمراہ صوبائی وزیر شاہ محمد خان کیڈٹ کالج کیلئے جگہ کا معائنہ کرنے بکاخیل کے دورے پر گئے۔ اس موقع پر کمشنر نے کہا کہ کیڈٹ کالج کی تعمیر کیلئے موزوں جگہ کا انتخاب کیا جائے گا تاکہ اس عظیم تعلیمی منصوبے کو جلد سے جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ کیڈٹ کالج کی تعمیر سے علاقے کی تعمیر و ترقی میں تیزی آئے گی اور اس سے مستفید ہونے والے پسماندہ علاقے کے لوگ ہونگے اس لئے اس کی تعمیر پر فوری کام شروع کرنے کیلئے انتظاما ت ابتدائی مراحل میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوموں کی ترقی بہترین تعلیم میں مضمر ہیں اس لئے غریب لوگوں کے بچوں کو معیاری تعلیم کے حصول کیلئے یہ کیڈٹ کالج بہترین ادارہ ثابت ہوگا ۔

(جاری ہے)

دریں اثناء صوبائی حکومت کے احکاما ت کی روشنی میں کمشنر بنوں شوکت علی یوسفزئی اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر)محمد زبیر خان نیازی نے لوگوں کے ریونیو سے متعلق مسائل کے حل کیلئے ریونیو دربار کا انعقاد بھی کیا۔ اس موقع پر کمشنر نے لوگوں کو یقین دہانی کرائی کے وزیر قبائل اور محسود قبائل کے درمیان سرحدی تنازعات کی وجہ سے بنوں ڈویژن کا ایک سرساہی بھی کسی دوسرے ضلع کے حدود میں نہیں دیا جائے گا اور اس سلسلے میں دونوں قبائل سے بات چیت جاری ہے۔

ریونیو دربارسے خطاب میں کمشنر نے کہا کہ بنوں ڈویژن کے لوگوں کے ریونیو سے متعلق مسائل جیسے فرد جمعبندی، فرد بدر، ڈومیسائل انتقلات وغیرہ غریب لوگوں کے مسائل ہیں اور اس کے حل کیلئے تمام وسائل کا استعمال یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت روزِ اول سے غریب لوگوں کے مسائل فوکس کئے ہوئے ہیں تاکہ غریب اور متوسط طبقے کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جا سکے۔

بعد ازاں کمشنر شوکت علی یوسفزئی اور صوبائی وزیر ِ ٹرانسپورٹ شاہ محمد خان نے بکاخیل میں سعودی عرب کے تعاون سے موبائیل ہسپتال کا بھی افتتاح کیا ۔ موبائیل ہسپتال میں کینسر کے علاوہ تمام سہولیات میسر ہونگی اور لوگوں کے علاج معالجے کیلئے تمام وسائل دستیاب ہونگے۔اس موقع پر کمشنر نے کہا کہ لوگوں کی صحت یقینی بنانا حکومتِ وقت کی اولین ترجیح ہے اس لئے تو کبھی صحت انصاف کارڈ، کبھی موجودہ ہسپتالوں میں سہولیات کی فراہمی اور کبھی موبائیل ہسپتالوں کیذریعے غریب اور متوسط طبقے کے لوگوں کے علاج معالجے کی سہولیات دے رہی ہے تاکہ عام غریب لوگ اس سے مستفید ہو سکے۔

کمشنر نے مزید کہا کہ غربت کی وجہ سے بہت سے غریب لوگ مختلف بیماریوں کے علاج کیلئے پریشان ہوتے ہیں تاہم حکومتی توجہ کے پیشِ نظر اب لوگوں کو بنیا دی طبی سہولیات کی فراہمی جاری ہے جس کیلئے تمام متعلقہ ادارے مثبت اور کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں جو کہ حوصلہ افزا امر ہونے کے ساتھ ساتھ باعثِ سکون بھی ہے۔ اس موقع پر صوبائی وزیرٹرانسپوررٹ ملک شاہ محمد نے کہا کہ 7ارب روپے کی لاگت سے سرکلر روڈ پر کام تیزی سے جاری ہے جس کی تکمیل سے بنوں کے عوام کا ایک دیرینہ مطالبہ پورا ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بکاخیل میں تین ارب روپے کی لاگت سے کیڈٹ کالج کی تعمیر سے ضلع لکی مروت ، بنوں اور وزیرستان کے پسماندہ اضلاع کے طلباء کو بہترین تعلیمی سہولیات میسر آئینگی اور علاقہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔