پاکستان کے ڈومیسٹک سیزن کا آغاز کل شروع ہونے والے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ سے ہوگا

ٹورنامنٹ دو مرحلوں میں کھیلا جائے گا،6اکتوبر تک جاری رہنے والے پہلے مرحلے کے تمام میچز ملتان میں کھیلے جائیں گے

منگل 29 ستمبر 2020 14:57

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 ستمبر2020ء) ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہونے والے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ فرسٹ الیون ٹورنامنٹ میں پاکستان کے بہترین کھلاڑی شرکت کررہے ہیں۔ اس ٹورنامنٹ کے آغاز سے پاکستان میں تقریبا چھ ماہ بعد ایک بار پھراعلی سطحی کرکٹ شروع ہوگی۔ یہ ٹورنامنٹ دو مرحلوں میں کھیلا جائے گا۔6اکتوبر تک جاری رہنے والے پہلے مرحلے کے تمام میچز ملتان میں کھیلے جائیں گے۔

ایونٹ کا دوسر امرحلہ 9 سے 18 اکتوبر تک راولپنڈی میں جاری رہے گا۔پاکستان دنیا کا وہ پہلا ملک ہے جس نے کورونا وائرس کے باوجود اپنے ڈومیسٹک سیزن کے مکمل شیڈول کا اعلان کیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے یہ فیصلہ قومی کرکٹرز کیروزگار کو جاری رکھنے کی غرض سے کیا تاہم اس دوران کوویڈ19 سے متعلق تمام پروٹوکولز پر سختی سے عملدرآمد کیا جارہا ہے اور یہی وجہ ہیکہ اس ایونٹ کے تمام میچز بند دروازوں میں کھیلے جائیں گے۔

(جاری ہے)

گوکہ بند دروازوں کے باعث شائقینِ کرکٹ کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے مداحوں اور کرکٹ فینز کو ان کے پسندیدہ کھیل کے براہ راست مناظر دکھانے کے لیے پی ٹی وی اسپورٹس سے تین سالہ معاہدہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں صرف نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کی پروڈکشن میں 14 جدید طرز کے کیمروں کا استعمال کیا جائے گا۔آئندہ دو سالوں میں آئی سی سی کے دو میگا ایونٹس کومدنظر رکھتے ہوئے پی سی بی نے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کو ڈبل لیگ کی بنیاد پر کروانے کا فیصلہ کیا ہے، جس سے کھلاڑیوں کووائٹ بال کرکٹ میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بھرپور موقع ملے گا۔

یہ کرکٹرز ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرکیزمباوے کے خلاف ہوم سیریز سے قبل سلیکٹرز کی توجہ حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے آئندہ ایڈیشن کے لیے نومبر میں شیڈول ڈرافٹ میں بھی اپنی مانگ میں اضافہ کرسکتے ہیں۔ایونٹ میں تقریبا 90 لاکھ روپے کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی، جس کے مطابق ایونٹ جیتنے والی ٹیم چمچماتی ٹرافی کے ساتھ ساتھ 50 لاکھ روپے کی حقدار ٹھہرے گی جبکہ رنرزاپ کو 25 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔

ایونٹ کے بہترین کھلاڑی، وکٹ کیپر، بیٹسمین اور بالر کو ایک ایک لاکھ روپے کا انعام دیا جائے گا۔اس دوران قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق، قومی کرکٹ ٹیم کے بالنگ کوچ وقار یونس، ہیڈ آف ہائی پرفارمنس کوچنگ گرانٹ بریڈ برن اور ہیڈ آف انٹرنیشنل پلیئرز ڈویلمپنٹ ثقلین مشتاق نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کی غرض سے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے میچز دیکھیں گے۔خیبرپختونخوا کے خلاف ایونٹ کاافتتاحی میچ کھیلنے والی ناردرن کی ٹیم ٹورنامنٹ میں اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔ ایونٹ میں ہر روز 2 میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ سہ پہر 3 اور دوسرا شام ساڑھے 7 بجے شروع ہوگا۔