Live Updates

جماعت اسلامی ملک وقوم کودیانتدار ،پڑھی لکھی اورکرپشن سے پاک قیادت فراہم کر سکتی ہے ‘محمدجاوید

ْموجودہ حکمران قوم سے کئے ہر وعدے سے انحراف کر چکے ہیں ‘امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطیپنجاب

منگل 29 ستمبر 2020 16:56

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 ستمبر2020ء) امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ پاکستان اللہ تبارک وتعالی کی ایک نعمت ہے اور اس کووسائل کی دولت سے مالا مال بنایا ہے۔ ملک میں کسی قسم کی کوئی کمی نہیں ماسوائے دیانتدار قیادت کے۔پاکستان کے 22 کروڑعوام کو دیانتدار، بے داغ اورپڑھی لکھی قیادت جماعت اسلامی فراہم کرسکتی ہے ۔

ہم نے اقتدارسے باہر رہ کر بھی ہر مشکل گھڑی میں عوام کی بلاتفریق خدمت کی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے پاس ملک وقوم کو درپیش مسائل کا حل موجود ہے ۔ ہمارے دوہزار سے زائد نما ئندے مختلف ادوارمیں منتخب ہو کر سینیٹ ، قومی وصوبائی اسمبلیوں اور کراچی سمیت کئی شہرو ں کے مئیرزبنے ،الحمداللہ کسی ایک کے دامن پر بھی اختیارات کا ناجائزاستعمال، کرپشن اورپلاٹوں کی سیاست کا کوئی الزام نہیں ۔

(جاری ہے)

پاکستان کے تمام قابل اعتماد ادارے بشمول سپریم کورٹ یہ کہنے پر مجبور ہیں کہ اس ملک میں آئین کے آٹیکل 62 اور 63پرصرف جماعت اسلامی اوراس کے امیر سینیٹر سراج الحق پورا اترتے ہیں ۔ پاکستان میں جب بھی غیر جانبدارانہ اور شفاف انتخابات ہوئے تو جماعت اسلامی عوامی قوت بن کر ابھرے گئی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو 74برسوں سے برسراقتدار آنے والوں نے دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے ۔

اوریہ سلسلہ ہنوز جاری ہے ۔ تحریک انصاف کی تبدیلی کا بھی پول کھل چکا ہے ۔ پاکستان کے بڑے بڑے مافیا آج وزیراعظم عمران خان کے ارد گرد جمع ہو چکے ہیں۔ محمد جاوید قصوری نے کہا کہ یہ قومی بدقسمتی ہے کہ ایاک نعبد وایاک نستعین سے خطاب شروع کرنے والے اپنے تمام وعدوں سے انحراف کر چکے ہیں ۔ حکمرانوں کی نااہلی کی بدولت ہر روز نئے بحران جنم لے رہے ہیں ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات