شیخوپورہ‘انسداد ڈینگی کی سرگرمیوں کے سلسلہ میں جعلی رپورٹیں تیار کرنے کا انکشاف

منگل 29 ستمبر 2020 17:08

شیخوپورہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 ستمبر2020ء) انسداد ڈینگی کی سرگرمیوں کے سلسلہ میں جعلی رپورٹیں تیار کرنے کا انکشاف ہوا ہے جس میں ملوث سی ڈی سی سپروائزر محمد احمد حلقہ شرقپور شریف کے خلاف ڈپٹی کمشنر محمد اصغر جوئیہ نے فوری طور پر سخت تادیبی کارروائی کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے باخبر ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی کے اجلاس میں ضلع شیخوپورہ میں انسداد ڈینگی کی خاطر اب تک اٹھائے جانے والے اقدامات پر غور کیا گیا اجلاس کی صدارت ڈپٹی کمشنر محمد اصغر جوئیہ نے کی اجلاس کے دوران اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر توقیر زمان نے انکشاف کیا کہ مذکورہ سی ڈی سی سپروائزر نے اپنی تحصیل کی رپورٹ دیتے ہوئے پنجاب کے مختلف اضلاع کا ڈیٹا فیڈ کر دیا ہے جس کا ڈی سی نے سختی سے سے نوٹس لیا اور سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کو ہدایت جاری کی کہ اس سی ڈی سی سپروائزر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اجلاس میں انسداد ڈینگی کے حوالے سے محکمہ خوراک کی کارکردگی پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کی غیر حاضری کا بھی سختی سے نوٹس لیا اور ہدایت جاری کی کہ فوری طور پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر شاہ نواز چوہان کی جواب طلبی کی جائے