محبت کی شادی کرنے والی لڑکی نے 3 ماہ بعد ہی دلبرداشتہ ہوکر خود کشی کرلی

لڑکی اپنی محبت کو پانے کے لیے کراچی سے سیالکوٹ آئی ، شوہر کے ساتھ جھگڑے پر جان دے دی

Sajid Ali ساجد علی منگل 29 ستمبر 2020 17:31

محبت کی شادی کرنے والی لڑکی نے 3 ماہ بعد ہی دلبرداشتہ ہوکر خود کشی کرلی
سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 ستمبر2020ء) صوبہ پنجاب کے شہر سیالکوٹ میں محبت کی شادی کرنے والی لڑکی نے تین ماہ بعد ہی خود کشی کرلی ۔ اس حوالے سے تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ لڑکی اپنی محبت کو پانے کے لیے کراچی سے سیالکوٹ آئی تھی ، جہاں اس نے اپنی پسند سے شادی کی ، تاہم شادی کے تین ماہ بعد ہی شوہر کے ساتھ ہونے والے جھگڑے نے لڑکی کو دلبرداشتہ کردیا ، اور اس نے دریائے چناب میں چھلانگ لگا کر خود کشی کرلی ۔

پولیس کے مطابق لڑکی کے شوہر نے شا دی سے قبل خود کو کروڑ پتی ظاہر کیا تھا ، لڑکی کے شوہر کو اس کے بھائی سمیت حرا ست میں لے کر مزید کارروائی کا آغاز کردیا گیا ۔ دوسری طرف پسند کی شادی کے لئے گھر سے فرار ہوکر اچھرہ لاہور کی لڑکی صوبہ سندھ کے شہر اوباوڑو پہنچ گئی ، جس کو پولیس نے برآمد کرکے عدالت میں پیش کردیا ، جہاں عدالتی احکامات پر اس کو ورثا کے حوالے کردیا گیا ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے اچھرہ کی رہائشی فضہ بنت محمد ندیم راجپوت 15 ستمبر کو ایک نوجوان کرم خان ولد پیر بخش ڈہر ساکن راجن پور تعلقہ اوباڑو کے ہمراہ شادی کے لئے فرار ہو کر آئی تھی جس کے اغوا کا مقدمہ اس کے والد ندیم راجپوت نے پولیس اسٹیشن وحدت کالونی لاہور میں درج کرایاتھا ، ایس ایچ او اوباوڑو غلام عباس سندرانی نے پولیس پارٹی کے ہمراہ کرم ڈہر کے گھر پر چھاپہ مارکر فضہ راجپوت کو برآمد کرلیا اور بعد ازاں اس کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج گھوٹکی کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں پر اس نے اپنے والدین کے ساتھ جانے کا بیان دیا جس پر عدالتی احکامات پر اس کو والد محمد ندیم راجپوت کے حوالے کر دیا گیا۔

واضح رہے کہ معاشرے میں پائے جانے والے تلخ رویوں کی وجہ سے بہت سے رشتے ان کی بھینٹ چڑھ جاتے ہیں ، جہاں رشتے بنا تو لیے جاتے ہیں لیکن ان کو کو نبھانے کے لیے جن قربانیوں کی ضرورت ہوتی ہے ان پر توجہ نہیں دی جاتی جس وجہ سے ایسے واقعات پیش آتے ہیں ۔