اپوزیشن لیڈر کی گرفتاری اچھا پیغام نہیں ،شہبازشریف ملکی اداروں میں ہم آہنگی کی بات کرتے ہیں ،جنرل(ر)عبدالقیوم

شہبازشریف کی گرفتاری سے سیاسی ماحول خراب ہورہا ہے ،اس وقت ملک حالت جنگ میں ہے اور قومی یکجہتی کی ضرورت ہے ،چیئرمین دفاعی پیداوار سینیٹ کمیٹی

منگل 29 ستمبر 2020 19:22

چکوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 ستمبر2020ء) چیئرمین دفاعی پیداوار سینٹ کمیٹی لیفٹیننٹ جنرل(ر-) عبدالقیوم نے کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف جوکہ ملک کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت کے سربراہ ہیں ان کو گرفتارکرنا کوئی اچھا پیغام نہیں ہے جبکہ میاں شہباز شریف تمام ملکی اداروںکے درمیان ہم آہنگی اور اچھے تعلقات اور رواداری کی بات کررہے ہیں۔

شہباز شریف کی گرفتاری سے سیاسی ماحول بری طرح سے متاثر ہوا ہے۔ وہ چکوال پریس کلب میں ایک خصوصی نشست کے دوران سینئر صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔ سیکرٹری جنرل ذوالفقار میر ، بانی چیئرمین چکوال پریس کلب خواجہ بابر سلیم محمود قمر عباس بھی اس موقع پر موجود تھے۔ جنرل عبدالقیوم نے مزید بتایا کہ اس وقت ملک حالت جنگ میں ہے اور ملک میں قومی یکجہتی کی ضرورت ہے جبکہ موجودہ حکومت ناڈیلور کررہی ہے ، مہنگائی آسمانوں کو چلی گئی ہے ، بے روزگاری میںبھی خوفناک اضافہ ہوچکا ہے، ملک کی معیشت تباہی کے دہانے پر ہے اور اس پس منظر میںسیاسی محاذ آرائی کو فروغ دینا کوئی دانشمندی نہیں۔

(جاری ہے)

بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے جنرل عبدالقیوم نے کہا کہ ضلع چکوال میںمسلم لیگ ن کا ایک مضبوط ووٹ بینک ہے، دیگر ہم خیال سیاسی قوتوںکو بھی اکٹھا ہوکر بلدیاتی انتخابات میںہر سطح پر حکومتی جماعت کا مقابلہ کرنا چاہیے، انہوںنے کہا کہ حکومت کی کارکردگی کوئی تسلی بخش نہیں اور عوام میں شدید ردعمل ہے لہٰذا مسلم لیگ ن تمام سیاسی قوتوں لیکر بلدیاتی میدان میں اترے گی اور ہر نشست پر مضبوط اور مشترکہ امیدوار اتارے جائیں گے۔ ایک اور سوال کے جواب میں جنرل (ر ) عبدالقیوم نے بتایا کہ جنوبی وزیرستان میں شہید ہونے والے کیپٹن عبداللہ نے کیڈٹ کالج کلرکہار سے اپنی تعلیم مکمل کی اور بے شک چکوال شہیدوں اور غازیوں کی سرزمین ہے اور اہل چکوال کو افواج پاکستان پر فخر ہے۔