اسلام آباد، جھنگی سیداں میں سینکڑوں نوجوانوں کا دیگر جماعتوں سے مستعفی ہوکر جماعت اسلامی یوتھ ونگ میں شمولیت کا اعلان

منگل 29 ستمبر 2020 20:08

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 ستمبر2020ء) جماعت اسلامی یوتھ ونگ کے زیر اہتمام یونین کونسل جھنگی سیداں میں یوتھ کنونشن منعقد ہوا ،جس میں سینکڑوں نوجوانوں نے دیگر جماعتوں سے مستعفی ہوکر جماعت اسلامی یوتھ ونگ میں شمولیت کا اعلان کیا ،تقریب کے مہمان خصوصی جماعت اسلامی ضلع اسلام آباد کے سیکرٹری جنرل زبیر صفدرتھے۔

اس موقع پر جماعت اسلامی یوتھ ونگ اسلام آبادکے صدر غفران اللہ بھٹی ،اسماعیل امان،شجاع الرحمن،ڈاکٹر احسن حامد،مولانا عزیز الرحمن،بھی موجود تھے۔شرکائ سے خطاب کرتے ہوئے زبیر صفدر نے کہا کہ کسی بھی ملک میں نوجوان حقیقی تبدیلی کے ضامن ہوتے ہیں ،اسلام آباد میں نوجوانوں کی دیگر جماعتوں سے مستعفی ہوکر جماعت اسلامی میں شمولیت اس بات کا اظہار ہے کہ ملک میں جلد ہی بڑی تبدیلی آنے والی ہے ،کیونکہ آزمودہ چہرے اور بوسیدہ نظام کے باعث ملک میں حقیقی تبدیلی نہیں آ سکتی ،انہوں نے کہاپی ٹی آئی حکومت نے ملک کے ساٹھ فیصد نوجوانوں کو مایوس کیا ہے ،اسی طرح آئے روز بجلی ، تیل ، اشیائے ضرورت کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں ،حکمران طبقہ عوام کو سہولتیں دینے کی بجائے غریب کا خاتمہ اور انسانوں سے عزت کے ساتھ جینے کا حق چھین رہا ہے۔

(جاری ہے)

عمران خان سرکار سیاسی ، اقتصادی ، قومی محاذ پر ناکام ترین حکومت ہے۔ فوجی آمریتوں ، پی پی پی ، مسلم لیگ کی ناکام حکومتوں کا تسلسل پی ٹی آئی حکومت ہے۔انہوں نے کہا جماعت اسلامی آئندہ انتخابات میں عوام کے لئے بہترین اور واحد آپشن کے طور پر موجود ہے۔