نواز شریف پاکستان کے بقا کی نہیں، اپنی بدعنوانیوں، منی لانڈرنگ، احتساب سے بچنے اور این آر او لینے کیلئے قومی اداروں کو بلیک میلنگ کرنے کی جنگ لڑ رہے ہیں، ماضی میں بدعنوان عناصر کا احتساب ہوتا تو آج ملک کی یہ حالت نہ ہوتی، ملک دشمن عناصر لسانی یا فرقہ وارانہ فسادات کرانے کی کوشش کر رہے ہیں، حکومت بدعنوان عناصر کے ملک کے خلاف کسی بھی پروپیگنڈے کو کامیاب نہیں ہونے دے گی اور ہر حال میں ریاست اور قانون کی رٹ قائم رکھے گی، مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

منگل 29 ستمبر 2020 22:35

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2020ء) وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا ہے کہ نواز شریف پاکستان کے بقا کی نہیں، اپنی بدعنوانیوں، منی لانڈرنگ، احتساب سے بچنے اور این آر او لینے کیلئے قومی اداروں کو بلیک میلنگ کرنے کی جنگ لڑ رہے ہیں، ماضی میں بدعنوان عناصر کا احتساب ہوتا تو آج ملک کی یہ حالت نہ ہوتی، ملک دشمن عناصر لسانی یا فرقہ وارانہ فسادات کرانے کی کوشش کر رہے ہیں، حکومت بدعنوان عناصر کے ملک کے خلاف کسی بھی پراپیگنڈے کو کا میاب نہیں ہونے دے گی اور ہر حال میں ریاست اور قانون کی رٹ قائم رکھے گی۔

منگل کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے قائدین کے جھوٹ پہلے بھی قوم کے سامنے آ چکے ہیں، ان لوگوں کا یہ کہنا کہ ان کے ساتھ ناانصافی اور ظلم ہو رہا ہے اس صدی کا تیسرا بڑا جھوٹ ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ ن لیگ نے قومی اداروں کے خلاف جو نوٹیفکیشن جاری کیا ہے اسے ان کی ہی جماعت کے لوگوں نے مسترد کر دیا ہے، لوگ ان کی لوٹی ہوئی غیرقانونی دولت کا تحفظ کرتے کرتے تنگ آ گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں احتساب سے بچنے اور این آر او لینے کیلئے قومی اداروں کو بلیک میلنگ کرنے کیلئے مختلف حربے استعمال کر رہی ہیں تاہم موجودہ حکومت احتساب کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ مشیر برائے پارلیمانی امور نے کہا کہ نواز شریف مفرور ہیں اور لندن میں بیٹھ کر سیاسی فوائد کے حصول کیلئے لوگوں کو قومی اداروں کے خلاف اکسانے کی کوشش کر رہے ہیں، نواز شریف اور مریم نواز نااہل ہیں اور ان کا ملک کی سیاست میں کوئی کردار نہیں ہے، نواز شریف کو چاہیے کہ لوٹی ہوئی دولت قومی خزانے کو واپس کریں اور عدالتوں میں اپنے بدعنوانی کیسز کا سامنا کریں۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے دور حکومت کے دوران پاکستان گرے لسٹ میں گیا تھا، فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) قومی سلامتی کا ایشو تھا اور اس پر قانون سازی کے معاملے پر اپوزیشن سے بات چیت ہوئی تھی، بل پاس ہونے کے بعد اپوزیشن جماعتوں سے کوئی گفتگو نہیں ہوئی، موجودہ حکومت نے پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کیلئے ایف اے ٹی ایف قانون سازی کی ہے۔

ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کے بعد قوم کے سامنے بے نقاب ہو گئی ہیں، اپوزیشن اسمبلیوں سے استعفی دینا چاہتی ہیں تو خوشی سے دیں، حکومت ضمنی انتخابات کرائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں ہمیشہ تقسیم کر کے حکومت کرتی تھیں لیکن اب ایسا نہیں ہے، پہلی مرتبہ ملکی اور قومی مفاد پر سب ادارے ایک پیج پر ہیں اور وہ ملک کی بہتری کیلئے آزادانہ طور پر کام کر رہے ہیں جس سے اپوزیشن کے لوگوں کو تکلیف ہو رہی ہے۔

مشیر برائے پارلیمانی امور نے کہا کہ ن لیگ نے احتساب سے بچنے کیلئے پہلے قطری ون اور ٹو کی کوشش کی تھی لیکن ناکام ہوئے تھے، یہ لوگ دوبارہ ناکام ہوں گے۔ پولیو سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ لوگوں کو پولیو ٹیموں کا احترام کرنا چاہیے اور اپنی آنے والی نسل کو محتاجی سے بچانے کیلئے ہر صورت میں اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے چاہییں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف سزا یافتہ مجرم ہیں، ان کی سزا ابھی پوری نہیں ہوئی، وہ علاج کیلئے بیرون ملک گئے ہوئے ہیں، حکومت انہیں واپس لانے کیلئے تمام تر قانونی تقاضے پورے کرے گی۔