ڈی پی اوز طلباء کو چھتوں پر بٹھانے والے ٹرانسپوٹرز کے خلاف کارروائی کریں، ڈی آئی جی پولیس ہزارہ

بدھ 30 ستمبر 2020 13:34

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2020ء) ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ہزارہ ریجن قاضی جمیل الرحمن نے بیڑ کے مقام پر ٹریفک حادثہ میں سکول کے بچوں کی قیمتی جانیں ضائع ہونے کے واقعہ پرسخت نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کو بھی قیمتی جان سے کھیلنے کا حق نہیں ہے، تمام ڈی پی اوز اپنے اپنے ضلع کے تمام ٹریفک سٹاف کو سختی سے یہ ہدایات جاری کریں جو سوزوکیوں، بسوں و دیگر گاڑیوں میں سکول کے بچوں کو چھتوں پر بٹھاتے ہیں، گاڑیوں کے باہر کھڑا کرتے ہیں یا گاڑی میں گنجائش سے زیادہ سکول کے بچوں کو بٹھاتے ہیں ان کے خلاف خصوصی مہم چلائیں اور ایسے تمام گاڑیوں کو پابند بند کرکے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

یہاں جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ کم عمر، بغیر لائسنس، اوورلوڈنگ اور اوور سپیڈنگ کرنے والے ڈرائیوروںکے خلاف بھی قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جائے۔

(جاری ہے)

ٹریفک پولیس سٹاف متعلقہ محکمہ کے ساتھ ملکر سکول و کالجز کی ڈیوٹی دینے والی تمام گاڑیوںکی فٹنس چیک کریں اور ناکارہ گاڑیوں کے خلاف حسب ضابطہ قانونی کارروائی عمل میں لائیں، سکول و کالجز انتظامیہ کو بھی اس بات کا پابند بنایا جائے کہ وہ اپنے سکول و کالجز کی گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرے تاکہ کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو اور سکول و کالجز کے باہر پارکنگ کے نظام کو بھی بہتر بنایا جائے خصوصا جو سکول مین شاہراہوں پر واقعہ ہے اس سکول انتظامیہ کو پابند بنایا جائے کہ وہ سکول ٹائم پر بچوں کو گاڑیوں میں بٹھانے، اتارنے اور سڑک پار کروانے کیلئے سٹاف تعینات کریں۔