کورونا سے متاثرہ کاروبار کی بحالی کیلئے پنجاب روزگار سکیم سے صنعتی شعبہ ترقی کرے گا‘اعظم چوہدری

پنجاب روزگار سکیم معاشی سرگرمیاں بڑھانے میںمدد گار ثابت ہوگی ‘چیئرمین ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن

بدھ 30 ستمبر 2020 14:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 ستمبر2020ء) چیئرمین ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن لاہورا عظم چوہدری نے کہا ہے کہ یکم اکتوبر سے کورونا سے متاثرہ کاروبار کی بحالی، نیا کاروبار شروع کرنے اور موجودہ کاروبار کے فروغ کیلئے پنجاب روز گار سکیم کے افتتاح اور کاروبار شروع کرنے کیلئے ایک لاکھ سے ایک کروڑروپے تک آسان قرضوں کی فراہمی خوش آئند ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے وائس چیئرمین انجینئر خرم کے ساتھ ٹائون شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوںنے کہاکہ اس سکیم سے صنعتی شعبہ ترقی کرے گا ۔ روزگار سکیم کے اجراء سے آسان شرائط پر ایک کروڑ روپے تک کے قرضوں سے پنجاب میں نئی صنعتوں کا قیام عمل میں آئے گا، نئے کاروبار سے صوبہ میں بے روزگاری کے خاتمہ میں مدد ملے گی اور صوبہ خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا۔

(جاری ہے)

ممتاز صنعتکار و سینئر وائس چیئرمین وسیم چاولہ نے کہا کہ کاروباری سرگرمیاں بڑھانے کیلئے پنجاب روزگار سکیم انقلابی اقدام ثابت ہوگی، پنجاب روزگار سکیم میں قرض کی منظوری 20روز میں مکمل جبکہ قرض کی واپسی کی مدت2سے 5سال اور گریس پیرڈ 6ماہ ہونے سے یہ سکیم صوبے میں معاشی و کاروباری سرگرمیاں بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔اعظم چوہدری نے کہا کہ سرمائے کی قلت کا شکار انڈسٹریز اور نیا کاروبار کیلئے سرمایہ نہ ہونے والے افراد اس سکیم سے بھر پور استفادہ کرکے صنعتی شعبہ کی ترقی میں اہم کردار ادا کرینگے ، پڑھے لکھے نوجوانوں کا صنعتی شعبہ میں خدمات سرانجام دینے سے صنعتی شعبہ میں جدت اور نئے نئے آئیڈیاز سامنے نوجوان اس سکیم سے صنعتی شعبہ بھرپور استفادہ کرکے ملکی معیشت کے استحکام کیلئے خدمات سرانجام دے گااور نوکریوں کی تلاش کے لیے در بدرٹھوکریں کھانے کی بجائے خود کاروبار کرکے لوگوں کو روزگارفراہم کرے گا۔