پنجاب میں9اقتصادی زونز سے صنعتی انقلاب آئے گا،لاکھوں لوگوں کو روزگار ملے گا‘شہباز اسلم

اقتصادی زونز میںبنیادی سہولتوں ، انٹرنیشنل سٹینڈرز کے انفراسٹرکچرسے نئی صنعتوں کا قیام عمل میں آئے گا‘ فیروز پور روڈ انڈسٹریل اسٹیٹس

بدھ 30 ستمبر 2020 14:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 ستمبر2020ء) تاجر رہنما و ممبر لاہور چیمبرز آف کامرس وانڈسٹری وائس چیئرمین فرایا شہباز اسلم نے کہا ہے کہ پنجاب میں اکنامک زونز پراجیکٹ کو جلد از جلد مکمل کرنے کے احکامات اورپنجاب میں 9 اقتصادی زونز کے قیام کی منظور ی اچھا اقدام ہے ،پنجاب میں9اقتصادی زونز سے صوبہ میں صنعتی انقلاب آئے گا لاکھوں لوگوں کو روزگار ملے گا ۔

سپیشل اکنامک زونز میں بنیادی سہولتوں کے ساتھ انٹرنیشنل سٹینڈرز کے انفراسٹرکچر سے نئی صنعتوں کا قیام عمل میں آئے گا اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ان سپیشل زونز میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہوگی جس سے خوشحال پنجاب کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے فائونڈ ر چیئرمین عدنان بٹ،ارشد بیگ،تنویر احمد،حقیق احمد،شاہد بیگ اور دیگر صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

شہباز اسلم نے کہا کہ پنجاب میں سپیشل اقتصادی زونز میں صنعتوں کے قیام کیلئے پاکستانی ،چینی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو یکساں خصوصی مراعات کی فراہمی سے صنعتی شعبہ ترقی کرے گا اور ان اقدامات کے تحت خصوصی اقتصادی زونز میں نئی صنعتوں کے قیام کے لیے خام مال اور پلانٹس و مشینری و دیگر آلات پر سرمایہ کاروں کو ڈیوٹیوں اور ٹیکسوں سے استثنیٰ اور رعایتی قرضوں سمیت خصوصی مراعات سے ملکی سرمایہ کار بھی خوشدلی سے ان زونز میں نئی صنعتوں کے قیام کیلئے خدمات سرانجام دینگے۔

نئے انڈسٹریل اسٹیٹ میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے نئے صنعتی یونٹس کے قیام سے نہ صرف روز گار کے لاکھوں مواقع فراہم ہونگے بلکہ ان یونٹس کے قیام سے ملکی برآمدات میں اضافہ اور تجارتی خسارہ میں کمی ہوگی ۔