عمان میں مساجد میں نماز پڑھنے کو بے تاب مسلمانوں کے لیے خوش خبری آ گئی

عمانی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ ریاست کی تمام مساجد 15نومبر کو عبادت گزاروں کے لیے کھول دی جائیں گی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 30 ستمبر 2020 15:34

عمان میں مساجد میں نماز پڑھنے کو بے تاب مسلمانوں کے لیے خوش خبری آ گئی
مسقط (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔30 ستمبر2020ء) رواں سال دُنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والی کورونا کی وبا نے خلیجی ممالک کو بھی اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ اس وبا کے باعث یو اے ای، سعودی عرب، اومان، کویت اور بحرین سمیت کئی ممالک نے کاروباری مراکز کے ساتھ ساتھ مساجد بھی بند کر دی تھیں تاکہ کورونا کے تیزی سے بڑھتے ہوئے کیسز کو روکا جا سکے۔ اگرچہ کئی ممالک میں کورونا کیسز میں کمی آنے کے بعد مساجد کھول دی گئی تھیں تاہم اومان میں کئی ماہ گزر جانے کے بعد بھی مساجد کو باجماعت نمازوں کے لیے نہیں کھولا گیا۔

مملکت میں مقیم لاکھوں مقامی اور غیر مقامی مسلمانوں کی دُعائیں جاری ہیں۔ اس حوالے سے عمانی حکومت نے اہم اعلان کر دیا ہے۔ عمان کی وزارت برائے اسلامی امور نے اعلان کیا ہے کہ 15 نومبر 2020ء سے مملکت کی تمام مساجد اجتماعی عبادت کے لیے کھول دی جائیں گی۔

(جاری ہے)

تاہم مساجد میں کورونا گائیڈ لائنز پر سختی سے عمل کروایا جائے گا جن میں ماسک اور سماجی فاصلے کی پابندی کے علاوہ سینیٹائزیشن بھی شامل ہے۔

واضح رہے کہ عمان کی جانب سے دیگر ممالک میں پھنسے ویزہ ہولڈرز کو خوش خبری سُنا دی گئی ہے کہ وہ یکم اکتوبر سے واپس عمان آ سکیں گے۔ عمان کی سپریم کمیٹی برائے کورونا روک تھام کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ عمان کے کارآمد ریزیڈنٹ کارڈ ہولڈرز کی جلد واپسی ممکن ہو سکے گی۔ یہ کارڈ ہولڈرز یکم اکتوبر سے عمان واپس آ سکیں گے۔ عمانی حکومت کے مطابق یکم اکتوبر 2020سے بین الاقوامی پروازیں بحال کر دی جائیں گی۔

جس کے بعد مختلف ممالک سے پروازیں عمان آ سکیں گی اور عمان سے دیگر ممالک کو بھی پروازیں روانہ ہوں گی۔تاہم فلائٹ آپریشنز مکمل طور پر بحال نہیں کیا جا رہا، بلکہ مرحلہ وار کیا جائے گا۔ ابتدائی میں ایسے اسٹیشنز سے پروازیں بحال ہوں گی جہاں کورونا کی وبا پر کافی حد تک قابو پایا جا چکا ہے۔ اس کے علاوہ کورونا گائیڈ لائنز پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے کئی فضائی کمپنیوں سے دو طرفہ معاہدے بھی کیے جائیں گے۔