معاشی خوشحالی کیلئے حکومت صنعتی شعبے کو گیس اوربجلی کی فراہمی برقرار رکھے ،ایس ایم منیر

وزیراعظم عمران خان براہ راست صنعتی شعبے کے مسائل فوری طور پر توجہ دیں اور انہیںدور کریں،یو بی جی

بدھ 30 ستمبر 2020 15:53

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 ستمبر2020ء) یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی)کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر اورسیکریٹری جنرل زبیرطفیل نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے کورونا سے متاثرہ کاروباری حالات اور ایکسپورٹ بہتر بنانے کیلئے مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے،کورونا کے بعد کی صورت حال پر گہری نظر رکھتے ہوئے معاشی حالات بہتر سے بہتر بنانے پر توجہ دی جائے۔

ایس ایم منیر اور زبیرطفیل نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ مرکزی بینک کی جانب سے یہ اعلان کہ بزنس کونفیڈینس اور معاشی گروتھ میں بہتری آئی یے،معاشی حالات بہتر ہورہے ہیں تو یہ بات خوش آئند ہے لیکن مہنگائی کودرپیش خطرات کو دور کرنے کی ضرورت ہے۔یو بی جی رہنمائوں نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے نئی مانیٹری پالیسی پر کہا کہ بارشوںکے نتیجے میںہونے والی تباہ کاریوں کے باعث کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے جس کی وجہ سے اجناس کی قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی میں بھی بڑھ گئی ہے اور مہنگائی کی شرح بڑھتی ہوئی 9فیصد تک پہنچنے کا خدشہ ہے تاہم یہ بات خوش آئند ہے کہ صنعت کا شعبہ معمولی بہتری کی طرف رواں دواں ہے مگر انڈسٹریکیلئے پیدا شدہ مسائل کہیں اس بہتری کی راہ میں رکاوٹ نہ بن جائیں اس لئے حکومت صنعتی شعبے کو گیس،بجلی اور پانی کی فراہمی برقرار رکھے اور اس میں رکاوٹ نہ آنے دے کیونکہ یہی سیکٹرلوگوں کو روزگار مہیا کرنے کا ذریعہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ٹیم ملکی معیشت کو بہتر بنانے کی جو جدوجہد کررہی ہے بزنس کمیونٹی کو اس بات کا بخوبی ادراک ہے ،ملک میں اب کورونا بہتر ہورہا ہے پھر بھی ایس او پیز پر سخت عملدرآمد کرایا جائے اور دیگر مسائل کو دور کرنے پر بھی توجہ دی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کے اقدامات کے نتیجے میںترسیلات زر،زرمبادلہ کے ذخائر اور کیش فلو میں اضافہ ہوا، اسٹیٹ بینک کو بیرون ممالک پاکستانیز سے ترسیلات زرکی مد میں ہر ماہ2ارب ڈالر موصول ہورہے ہیںاورملک میں مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر 19 ارب90 کروڑ ڈالر سے بڑھ گئے ہیں جن میں اسٹیٹ بینک کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر12 ارب70کروڑڈالر سے بھی زائد ہیں یقیناً یہ ذخائر تین ماہ سے زائدکی درآمدات کے لئے کافی ہیں لیکن اگر حکومت ایکسپورٹس پر خصوصی توجہ دے تو برآمدات بڑھنے سے ملک میں مزید ڈالرز آئیں گے اور بیرونی خسارہ مزید کم ہوگا۔

ایس ایم منیر اور زبیرطفیل نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملکی معاشی حالات کی درستگی کیلئے اقدامات ضرور کررہے ہیں لیکن انڈسٹری کیلئے مسائل میں بھی تواتر سے اضافہ ہورہا ہے،گیس اور بجلی کے بحران نے صنعتی پیداواری عمل کو شدید متاثر کررکھا ہے اور اگر انڈسٹری کو بجلی وگیس کی فراہمی میں رکاوٹ آئی تو بے روزگاری کا سیلاب آئے گا اور ایکسپورٹرز اپنے آرڈرز پورے نہیں کرپائیں گے اس لئے وزیراعظم عمران خان براہ راست ان معاملات پرتوجہ دیں اورصنعتی شعبے کے مسائل فوری طور پر دور کریں۔