سوات ایکسپریس وے سیاحت کے فروغ کے لیے سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے، کامران بنگش

بدھ 30 ستمبر 2020 15:53

سوات ایکسپریس وے سیاحت کے فروغ کے لیے سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے، کامران ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2020ء) وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلی تعلیم کامران بنگش نے سوات ایکسپریس وے کو سیاحت کے فروغ کے لیے سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سوات ایکسپریس وے مکمل فعال و فنکشنل ہونے پر خیبرپختونخوا کے عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے سوات ایکسپریس وے مکمل فعال ہونے پر ایک میڈیا بیان میں کہا کہ پلئی انٹرچینج کے ساتھ بقیہ حصے پر بھی کامیابی کے ساتھ کام مکمل کر دیا گیا اور اب ایکسپریس وے کے تمام ٹنلز ٹریفک کیلئے کھول دیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعلی محمود خان کی قیادت میں ناممکن کو ممکن بنا رہے ہیں اور عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورے کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سوات ایکسپریس وے سے ترقی کا ایک نیا باب شروع ہو گیا ہے اسی سوچ کو لے کر پختونخوا کے کونے کونے تک مواصلاتی نظام بچھا رہے ہیں۔ سیاحت کا ذکر کرتے ہوئے معاون وزیراعلی کامران بنگش نے کہا کہ سوات ایکسپریس وے کی بدولت پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے سیاح اب گھنٹوں کا سفر منٹوں میں طے کریں گے، سوات ایکسپریس وے سیاحت کا دوسرا نام ہے جبکہ یہ میگا پراجیکٹ غربت مکاو میں بھی معاون ثابت ہوگا۔